پشاور: پاکستان کے قبائلی علاقے فاٹا کے خیبرپختونخوا صوبے میں انضمام کے بعد پولیٹیکل ایجنٹ کا عہدہ ختم کر دیا گیا ہے اور اب ان کی جگہ ڈپٹی کمشنرز تعینات کردیے گئے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے محکمہ داخلہ کی جانب سے پولیٹیکل ایجنٹ کا عہدہ ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق پولیٹیکل ایجنٹ کا عہدہ ڈپٹی کمشنر میں تبدیل ہوگیا ہے جبکہ ایڈیشنل پولیٹیکل ایجنٹ کی جگہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے لے لی ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ کی جگہ اب اسسٹنٹ کمشنر کا عہدہ ہو گا۔
فاٹا انضمام
پاکستان کے قبائلی علاقوں فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کے لیے 27 مئی کو کے پی اسمبلی میں فاٹا بل پیش کیا گیا جسے اکثریت رائے نے منظور کرلیا، بل کے حق میں مجموعی طور پر92 ووٹ پڑے جبکہ سات ارکان نے بل کی مخالفت کی تھی۔
بل کی منظوری کے بعد فاٹا اور پاٹا کو آئین سے حذف کردیا گیا جس کے بعد فاٹا کی قومی اسمبلی سے 12 نشستیں ختم ہوئیں اور قومی اسمبلی کی نشستوں کی مجموعی تعداد 342 سے کم ہو کر 336 ہو گئی۔
اسی طرح خیبر پختونخوا اسمبلی کی نشستیں 145 ہو گئیں جس میں فاٹا سے 16، خواتین کی چار اور اقلیتوں کی ایک نشست ہے، 2018 کے انتخابات میں فاٹا سے منتخب ہونے والے قومی اسمبلی اور فاٹا سے موجودہ ممبران سینیٹ پراس کا فوری اطلاق نہیں ہوگا اور وہ اپنی مدت کی تکمیل تک سینیٹ اور قومی اسمبلی کے رکن رہیں گے۔