رواں سال ملک بھر میں مہنگائی کے باعث 63 فیصد افراد ایسے ہیں جو سنتِ ابراہیمی ادا نہیں کرسکے۔
اعدادوشمار جاری کرنے والی ویب سائٹ ‘گیلپ سروے’ کی جانب سے رواں سال عیدِ قرباں کے حوالے سے سروے جاری کیا گیا۔ گیلپ پاکستان نے اپنے سروے میں شہریوں سے سوال کیا کہ گزشتہ سال کی بہ نسبت رواں سال قربانی پر کتنے پیسے خرچ ہوئے؟
سروے کے مطابق پاکستان کے 79 فیصد شہریوں نے گزشتہ سال کی بہ نسبت رواں سال قربانی کیلئے مہنگے جانور خریدے اور انہیں قربانی پر زیادہ پیسے خرچ کرنے پڑے۔ 13 فیصد افراد ایسے تھے جنہوں نے پچھلے سال کے مقابلے میں اس سال قربانی پر سستے جانور خریدے۔
سروے میں بتایا گیا کہ 87 فیصد پاکستانیوں نے جانوروں کی قیمت بڑھنے کی شکایت کی جبکہ 31 فیصد پاکستانیوں نے اجتماعی قربانی میں حصہ لینے کو ہی غنیمت جانا۔ 76 فیصد شہری ایسے تھے جنہوں نے کہا کہ وہ عید الاضحیٰ پر کوئی نیا کپڑا نہیں خرید پائے۔
گیلپ کے مطابق 7 فیصد پاکستانی ایسے تھے جنہوں نے رواں سال بھی قربانی پر اتنے ہی پیسے خرچ کیے جتنے گزشتہ سال کیے تھے۔ سروے میں 1 فیصد شہریوں نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔