اسلام آبا: عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی شرائط پر وزارت خزانہ اور وزارت توانائی نے گیس سیکٹر کا گردشی قرضہ کم کرنے کا منصوبہ مکمل کر لیا۔
ذرائع کے مطابق گیس سیکٹر کا گردشی قرضہ ایک ہزار 600 ارب سے کم کر کے ایک ہزار 200 ارب روپے تک لایا جائے گا جبکہ گیس سیکٹر کے گردشی قرضے میں 400 ارب روپے سے زائد کی کمی لائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ جلد 415 ارب روپے سے زائد رقم جاری کرے گی۔
گیس سیکٹر کا گردشی قرضہ کم کرنے کا پلان آئی ایم ایف کو بھی شئیر کر دیا گیا، آئی ایم ایف سے پلان منظوری کے بعد رقم جاری کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار آئندہ ہفتے تک گیس سیکٹر کے گردشی قرضے میں کمی چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چینی کی فی کلوقیمت میں بڑا اضافہ
واضح رہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف معاہدے کی دستاویز قومی اسمبلی میں پیش کی تھیں اور یقین دہانی کروائی تھی کہ زراعت اور تعمیراتی شعبے پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جو بھی اہم تبدیلیاں ہوں وہ پارلیمنٹ میں شیئر کرنا چاہیے جبکہ آئی ایم ایف سے معاہدے پر میں نے اور گورنر اسٹیٹ بینک نے دستخط کیے۔ معاہدے کے 11 یا 12 ریویو ہوتے ہیں پوری کوشش کی ہے کہ معاہدے پر 9 واں ریویو ہو جائے۔
انہوں نے بتایا کہ معاہدے کی تفصیلات پیش کرنے کا کام شفافیت برقرار رکھنے کے لیے کیا، تمام دستاویز وزارت کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ نگراں حکومت آنے تک اسی راستے پر چلیں، ہم نے ایسی پالیسی اپنائی ہے جس سے مہنگائی کا طوفان تھم جائے۔ ریئل اسٹیٹ، کنسٹرکشن اور زراعت کے شعبے پر ایک بھی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔