بل گیٹس نے اے آئی ٹیکنالوجی سے خوفزدہ نہ ہونے کی وجہ بتا دی

فائل فوٹو


مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) اہم پیشرفت ہے اور اس سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی کے بارے میں اب تک بہت کچھ لکھا گیا ہے اور اس کے خطرات سے متعلق آگاہی دی گئی ہے تاہم کسی کے پاس بھی تمام جوابات موجود نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی سے مختلف مسائل ضرور سامنے آئے ہیں تاہم ان کی روک تھام ممکن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میٹا نے اپنا اے آئی سسٹم پیش کر دیا

بل گیٹس نے کہا کہ اے آئی کا مستقبل اتنا برا نہیں جتنا لوگوں کا خیال ہے اور نہ ہی بہت اچھا ہے جیسا کچھ لوگوں کو لگتا ہے۔ ماضی میں بھی انسانی معاشروں نے نمایاں تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کی تھی اور ایسا ہی اے آئی ٹیکنالوجی کے ساتھ بھی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی سے متعلق ایسے ضوابط کی ضرورت ہے جیسے گاڑیوں کی رفتار محدود اور سیٹ بیلٹس کے استعمال کے لیے نافذ کیے گئے۔ جب گاڑیاں سڑکوں پر آئیں تو پہلا حادثہ ہوا مگر گاڑیوں پر پابندی نہیں لگائی گئی بلکہ رفتار محدود کی گئی اور تحفظ کے معیار طے کیے گئے۔

بل گیٹس نے اے آئی ٹیکنالوجی کے ساتھ ابھرنے والے چیلنجز پر تشویش ظاہر کی مگر ان کا کہنا تھا کہ لوگ ڈیپ فیک مواد کو وقت کے ساتھ بہتر شناخت کرنے لگیں گے۔


متعلقہ خبریں