برانڈڈ کپڑوں سمیت مختلف اشیا پر سیلز ٹیکس 12سے 15 فیصد کرنے کی تجویز مسترد

fbr

فیڈرل بورڈ آف ریوینیو کو اسمگل شدہ اشیا پکڑنے کیلئے دکانوں پر چھاپے مارنے کے اختیارات مل گئے۔

فنانس بل کے مطابق اسملگنگ کی روک تھام کیلئے خاصہ دار فورس ایف بی آر کی معاونت کرے گی۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں فنانس بل کا جائزہ لیا گیا اور فنانس بل میں برانڈڈ کپڑوں اور جوتوں پر سیلز ٹیکس بڑھانے کی تجویز مسترد کردی گئی۔

واضح رہے کہ پیش کردہ وفاقی بجٹ میں برانڈڈ کپڑوں اور جوتوں پر سیلز ٹیکس 12فیصد سے بڑھا 15فیصد کرنے کی تجویزتھی،بجٹ میں کھانے پینے کی برانڈڈ اشیاء کی زیادہ مقدارمیں خریداری پر بھی 18فیصد سیلز ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ مکھن، دیسی گھی، سرخ مرچ، ہلدی، ادرک کی زیادہ مقدارمیں خریداری پر 18فیصد جی ایس ٹی عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں فنانس بل24-2023کے شق وار جائزے کے دوران حکام نے بتایاکہ ایف بی آر کو اسمگل شدہ اشیا پکڑنے کے لیے دکانوں پر چھاپا مارنے کا اختیار مل گیا ہے، خاصہ دار فورس ایف بی آر کی معاونت کرے گی۔

بجٹ میں 200 ارب کے اضافی ٹیکسز عائد

کمیٹی نے گراؤنڈ پورٹ پر 3 دن کے اندر گڈز ڈیکلریشن کی کلیئرنس کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہاکہ اس کیلئے کم سے کم 5دن ہونے چا ہئیں۔ ایف بی آر حکام نے کمیٹی کو بتایاکہ گوشت، مچھلی، پھل، دیسی گھی، دہی، پنیر سمیت ڈبہ بند درآمدی اشیا پر 18فیصد سیلز ٹیکس عائد ہو گا، سرخ مرچ،ہلدی، ادرک کی زیادہ مقدار میں خریداری یا برانڈڈ مصالحہ جات پر بھی18فیصد جی ایس ٹی وصول کیا جائے گا۔

چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے کمیٹی کو بتایا کہ ایف بی آر نے 223ارب روپے کے ٹیکس تجویز کے ہیں، 200ارب روپے کے نئے ٹیکس ہیں جن میں 175ارب کے براہ راست ٹیکس ہیں۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ایل سیز کھل نہیں رہیں، 25فیصد شرح سود پر کاروبار مشکل ہے،جب 33روپے میں بجلی خریدیں گے تو صنعت کا پہیہ چلنا مشکل ہے۔

بجٹ: کیا سستا ہوا کیا مہنگا؟ جانیے

سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں برانڈڈ کپڑے اور آئٹمز پر ٹیکس 12 سے 15 فیصد کرنے کا معاملہ زیر بحث آیا، اس موقع پر حکومتی سینیٹر سعدیہ عباسی نے برانڈڈ کپڑوں پر سیلز ٹیکس بڑھانے کی مخالفت کی اور کہا کہ خطے میں کس ملک میں 18 فیصد سیلز ٹیکس ہے۔

وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ لوگ عام کپڑے پہننا شروع کریں، حکومت ٹیکس اکٹھا کرنے کے لئے ایسے اقدامات کر رہی ہے، کینیڈا میں سیلز ٹیکس 18 فیصد عائد ہے، جس پرسینیٹر سعدیہ عباسی کا کہنا تھا کہ آپ ہمیں کینیڈا کی معیشت دے دیں پھر ٹیکس لگائیں،متفقہ طور پر کمیٹی نے سیلز ٹیکس ریٹ 12 سے بڑھا کر 15 فیصد کرنے کی مخالفت کردی۔


متعلقہ خبریں