آندھی اور تیز ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

rain latest report

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں میں آج سے مغربی ہوائیں داخل ہوں گی، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا ہے۔

مغربی ہوائیں وقفے وقفے سے اثر انداز ہوں گی، رپورٹ کے مطابق آج رات سے 26 مئی تک لاہور، اسلام آباد، مری، راولپنڈی میں آندھی، بارش اورژالہ باری کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ خوشاب، بھکر، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، شیخوپورہ، ننکانہ، گوجرانوالہ میں بارش کا امکان ہے۔

23سے 25 مئی کے دوران پنجاب میں آندھی سے فصلوں اور کمزورعمارات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، الرٹ میں کہا گیا ہے کہ کسان موسمیاتی پیشگوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معاملات ترتیب دیں۔

بارش کے باعث جاری گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ظاہر کیا گیاہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا جبکہ بلو چستان، زیریں خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں بارش کا امکان ہے۔

اسلام آباد میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیاہے، کوئٹہ، قلات، تربت، لسبیلہ، خضدار، کیچ، پنجگور، پشاور، کوہاٹ، کرم، وزیرستان، بنوں اور ڈیر ہ اسماعیل خان میں بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے مری اور گلیات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور رحیم یار خان میں آند ھی جبکہ جیکب آباد، دادو اور گردونواح میں آندھی اورجھکڑ چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں