مسلح افواج قوم کا فخر ہیں، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل


چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز کی جانب سے 9 مئی کو ہونے والے واقعات پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ 

چئیرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ پوری قوم نے فوجی تنصیبات، شہداء کی یاد گاروں اور قومی عمارات پر حملوں کی مخالفت اور مذمت کی ہے۔ نیز تمام سیاسی جماعتوں اور مذہبی تنظیموں نے اس طرح کے اقدامات کو نا مناسب قرار دیا ہے۔

ڈاکٹر قبلہ ایاز کا کہنا تھا کہ اس دن جو کچھ ہوا وہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے۔ فوجی تنصیبات، شہداء کی یادگاروں اور قومی عمارات پر حملوں کو پوری دنیا میں دکھایا گیا اور بد قسمتی سے بھارتی میڈیا میں ان واقعات پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ قابل اطمینان امر یہ ہے کہ ان واقعات کی دیگر سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے مذمت کی ہے اور قوم میں اس حوالے سے ایک اتفاق رائے پیدا ہوا ہے کہ ایسے واقعات قابل مذمت ہیں۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے مزید کہا کہ مسلح افواج قوم کا فخر اور فوجی تنصیبات ملکی دفاع کی ضامن ہیں۔ مادر وطن کی خاطر جان کی قربانی دینے والے شہداء کی یادگاروں کی عزت و توقیر ملّی فر یضہ ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے فوجی تنصیبات، قومی عمارات اور عوامی املاک پر حملوں میں ملوث افراد کو جلد کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے۔


متعلقہ خبریں