پنجاب حکومت کا الٹی میٹم ختم، زمان پارک میں ہو کا عالم


پنجاب حکومت کی طرف سے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک میں دہشت گردوں کی موجودگی سے منعلق دیا گیا الٹی میٹم ختم ہوگیا۔

ہم نیوز کے مطابق اس وقت زمان پارک آنے والے تمام راستوں کو پولیس کی جانب سے بند کردیا گیا ہے۔ زمان پارک آنے والے راستوں پر کسی موٹر سائیکل اور گاڑی کو آنے کی اجازت نہیں۔

ذرائع کے مطابق اس وقت مال روڈ اور دھرم پورہ کے درمیان کینال روڈ پر پولیس کی نفری موجود ہے جبکہ عمران خان کی رہاشگاہ کے باہر لگے ہوئے کیمپس میں کوئی کارکن موجود نہیں۔

عمران خان! اللہ سے توبہ کرو، نواز شریف سے معافی مانگو، مریم نواز

خیال رہے کہ نگراں وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر کی جانب سے گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ 9 مئی  کو آرمی تنصیبات پر حملہ کرنے والے 30 سے 40 دہشت گرد زمان پارک میں موجود ہیں، وہ ہمارے حوالے کیے جائیں۔

عامر میر نے خبردار کیا تھا کہ پی ٹی آئی 24 گھنٹوں میں دہشت گردوں کو پولیس کے حوالے کردے۔ ان دہشتگردوں کو پولیس کے حوالے نہ کیا گیا تو وہی ہوگا جو قانون کہتا ہے۔ جیو فینسنگ سے زمان پارک میں دہشتگردوں کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے 30 سے 40 دہشت گرد زمان پارک میں ہیں، ہمارے حوالے کیے جائیں، وزیر اطلاعات پنجاب

دوسری طرف عمران خان کی جانب سے گزشتہ روز اپنے خطاب میں پولیس کو دعوت دی گئی تھی کہ زبردستی گھسنے اور افراتفری پھیلانے کے بجائے باقاعدہ سرچ وارنٹس کے ساتھ  آکر ان دہشتگردوں کو جو یہاں چھپے ہوئے ہیں، گرفتار کرلیں۔

یہ بھی ذہن میں رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ میری دوبارہ گرفتاری سے قبل یہ آخری ٹویٹ ہے، پولیس نے میری رہائشگاہ کا محاصرہ کرلیا ہے۔


متعلقہ خبریں