فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے 30 سے 40 دہشت گرد زمان پارک میں ہیں، ہمارے حوالے کیے جائیں، وزیر اطلاعات پنجاب

amir mir عامر میر

نگراں وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ آرمی تنصیبات پر حملہ کرنے والے 30 سے 40 دہشت گرد زمان پارک میں موجود ہیں، ہمارے حوالے کیے جائیں، شرپسندوں کو اتنا بھگائیں گے کہ وہ اولمپکس میں حصہ لیں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولیس کو فری ہینڈ دے دیا ہے۔ حملوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ حملوں میں ملوث افراد کی تصاویر نادرا کو بھیج رہے ہیں۔

پنجاب حکومت کا شاہد خاقان عباسی سے معافی مانگنے کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی شخصیت کی گرفتاری کو ایشو بنایا گیا۔ ایسا لگتا ہے کہ عمران خان کیلئے ملک میں کوئی قانون نہیں۔ پی ٹی آئی قیادت ایک سال سے فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کررہی ہے۔ ریاستی رٹ چیلنج کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

نگراں وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ جیو فینسنگ سے زمان پارک میں دہشتگردوں کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ پی ٹی آئی 24 گھنٹوں میں دہشت گردوں کو پولیس کے حوالے کردے۔ ان دہشتگردوں کو پولیس کے حوالے نہ کیا گیا تو وہی ہوگا جو قانون کہتا ہے۔

نو مئی کے حملوں میں سرکاری تنصیبات اور شہریوں کے املاک کو نقصان کی تفصیلات

عامر میر نے بتایا کہ جناح ہاؤس پر حملے کرنے والے پی ٹی آئی لیڈر شپ کے ساتھ رابطے میں تھے۔ 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کیلئے انویسٹی گیشن ٹیم بھی بنا دی گئی ہے۔ تحریک انصاف کے شرپسندوں نے ریڈ لائن کراس کی۔ پنجاب میں شرپسندوں کے خلاف زیرو ٹالرنس ہوگی۔ دہشت گردوں کا ٹرائل فوجی عدالت میں ہوگا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 3 ہزار 400 سے زائد شرپسندوں کو گرفتار کر چکے ہیں۔ شرپسندوں کے خلاف 254 مقدمات درج کیے گئے ہیں، 795 شرپسندوں کی شناخت ہو چکی ہے، 78 کا جسمانی ریمانڈ ہو چکا ہے جبکہ 609 کا جوڈیشل ریمانڈ ہو چکا ہے۔ آخری شرپسند کی گرفتاری تک شناخت کا عمل جاری رہے گا۔


متعلقہ خبریں