عمران خان کو اپنی چوری پکڑے جانے کا ڈر ہے، مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کو اپنی چوری پکڑے جانے کا ڈر ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال اور اسکول جلانا کیا کوئی عوامی ردعمل ہے ؟ پولیس نے ذمہ داری کے ساتھ صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا جبکہ مظاہروں کے دوران پولیس اور رینجرز کے اہلکار زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ زمان پارک ضمانتی وارنٹ لے کر گئے تو ان پر پیٹرول بم پھینکے گئے تاہم عمران خان کا چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔ عمران خان کے دور میں مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا اور عمران خان نے سی پیک سمیت تمام ترقیاتی منصوبوں کو نقصان پہنچایا۔

یہ بھی پڑھیں: انصار الاسلام کے سالار اور رضاکارنظم کو برقرار رکھنے کیلئےپہنچیں، مولانا فضل الرحمن

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان ایک محسن کشن شخص ہے اور عمران خان نے 4 سال ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا۔ عمران خان کہتے ہیں مجھے گرفتار کیا گیا تو پھرردعمل آئے گا پھر مسلح شرپسندوں نے املاک اور تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی جبکہ عمران خان عدم اعتماد کینسل کرانے کے لیے ایوان صدر میں میٹنگز کرتے رہے۔ نیب قوانین میں اصلاحات کر کے 90 روز کے ریمانڈ کو 15 دن تک لے آئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارے ورکرز میں بھی غم و غصہ ہے لیکن ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی اجازت کا انتظار کر رہے ہیں اور ہم دھاوا بولنے یا پٹرول بم پھینکنے نہیں آر ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان مکافات عمل سے گزر رہے ہیں وہ نواز شریف اور شہباز شریف کا مذاق اڑاتے تھے۔ عمران خان کو صرف اپنی چوری پکڑے جانے کا خطرہ ہے۔


متعلقہ خبریں