اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں مشتعل مظاہرین نے ترنول ریلوے اسٹیشن کو آگ لگا دی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد سے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسلام آباد میں مشتعل مظاہرین نے ترنول ریلوے اسٹیشن کی عمارت کو آگ لگا دی۔
ریلوے اسٹیشن کی عمارت کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کی وجہ سے ریلوے اسٹیشن کا ریکارڈ، فرنیچر اور دیگر سامان جل گیا۔
گزشتہ شب پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے سرینگر ہائی وے پر بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جہاں پولیس اور مظاہرین کے درمیان پتھراؤ اور شیلنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کی شدید شیلنگ کے بعد مظاہرین پیچھے ہٹ گئے جبکہ فوج نے آکر حالات پر قابو پایا۔
یہ بھی پڑھیں: جدوجہد عمران خان کی رہائی تک جاری رہے گی، شاہ محمود قریشی
اس سے قبل مظاہرین کی جانب سے تھانہ رمنا کو بھی آگ لگا دی گئی تھی جہاں کھڑی بکتر بند کو بھی نذر آتش کر دیا گیا۔
اسلام آباد پولیس مظاہرین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اب تک 100 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کر چکی ہے۔