ملک کے بیشتر علاقے آج بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے

سال کا سب سے مختصر دن اختتام پذیر

فوٹو: فائل


اسلام آباد: ملک کے بیشتر علاقے آئندہ دو روز تک شدید گرمی کی لیپٹ میں رہیں گے اس دوران درجہ حرارت 50 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے جنوبی اور وسطی علاقوں سمیت مشرقی بلوچستان میں آج بھی پارہ نصف سنچری پوری کرے گا۔ آئندہ دو سے تین روز کے دوران پنجاب اور بالائی سندھ میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔

پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہے گا۔

گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی اور بارش سے جہاں موسم خوشگوار ہوگیا وہیں کچھ ناخوشگوار واقعات بھی پیش آئے۔

اسلام آباد میں پیش آنے والے مختلف حادثات میں ایک بچی جاں بحق ہوگئی۔ شدید بارش سے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کی چھت ٹپکنے لگی جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

لاہور میں کئی مقامات پر تیز آندھی اور بارش سے دیواریں اور چھتیں گرگئیں، لاہورائیر پورٹ پر بجلی ٹرپ ہونے سے متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

آزاد کشمیر میں تیز آندھی سے کئی گھروں کی چھتیں اڑا گئیں۔ حادثات میں ایک بچی جاں بحق اور چھ افراد زخمی ہوئے۔

شدید بارش کے باعث پیش آنے والے ںاخوشگوار واقعات کے علاوہ لوڈشیڈنگ سے بھی موسم کا مزہ کرکرا ہوگیا۔ بارش سے گرمی کا زور تو ٹوٹا لیکن بجلی کی بندش کی وجہ سے راولپنڈی اور پشاور کے شہری رات بھر سڑکوں پر احتجاج کرتے رہے۔

راولپنڈی میں بجلی کی آنکھ مچولی سے ستائے ہوئے شہریوں نے چاندنی چوک پر مظاہرہ کیا۔ چاندنی چوک، صادق آباد سرکل اور ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں نے واپڈا آفس کے باہر احتجاج کیا۔

پشاور کے قصہ خوانی بازار کے تاجر بھی سڑکوں پر نکل آئے اور آدھی رات کو احتجاج کیا۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ بدترین لوڈشیڈنگ سے کاروبار متاثر ہورہا ہے۔


متعلقہ خبریں