پولیس کا چھاپہ، پرویز الہٰی کے گھر سے ملازمین گرفتار


لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے گھر کا دروازہ توڑ کر پولیس اہلکار اندر داخل ہو گئے اور ملازمین کو گرفتار کر لیا گیا۔

اینٹی کرپشن کی ٹیم نے پرویز الہٰی کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر چھاپہ مارا۔ پولیس نے پرویز الہٰی کے گھر داخل ہونے کی کوشش کی تو انہیں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور گھر کے اندر سے شدید پتھراؤ کیا گیا۔

پولیس اہلکار سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے گھر کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو گئے اور پرویز الہٰی کے ملازمین کو گرفتار کر لیا۔

اس موقع پر خواتین پولیس اہلکار بھی موجود تھیں جنہوں نے پرویز الہیٰ کے گھر سے خواتین کو بھی گرفتار کیا۔ پولیس اور پرویز الہیٰ کے وکلا کے درمیان تکرار بھی ہوئی تاہم پولیس نے پیچھے ہٹنے سے انکار کر دیا۔

آپریشن کے دوران پولیس کی جانب سے شیشہ توڑا گیا اس دوران چودھری شافع شیشہ لگنے سے زخمی ہو گئے۔

پولیس اور پرویز الہیٰ کے وکلا کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے اس دوران آپریشن روک دیا گیا تھا تاہم مذاکرات ناکام ہونے پر پولیس نے آپریشن دوبارہ شروع کر دیا۔

اس سے قبل اینٹی کرپشن کی ٹیم نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اور پولیس اہلکاروں نے دیوار پھلانگ کر پرویز الہٰی کے گھر داخل ہونے کی کوشش کی جس پر پرویز الہٰی کے گھر سے پولیس اہلکاروں پر شدید پتھراؤ کیا گیا اور انہیں گھر میں داخل ہونے سے روکا گیا۔

شدید پتھراؤ کے باعث پولیس اہلکار پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو گئے۔ پولیس نے پرویز الہیٰ کی رہائش گاہ سے ان کے ملازمین کو گرفتار کر لیا۔


متعلقہ خبریں