یہ جتنا مرضی زورلگا لیں 14مئی کو الیکشن نہیں ہوں گے، رانا ثنا اللہ

Rana-Sanaullah

وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ یہ جتنا مرضی زورلگا لیں 14مئی کو الیکشن نہیں ہوں گے۔

ہم نیوز کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ الیکشن اکٹھے ہوں گے اور اسی سال ہوں گے، الیکشن نگران حکومتوں کے تحت اکٹھے ہوں گے۔

الیکشن مئی میں نہ ہوئے تو اکتوبر بھی دور نہیں ،الیکشن مئی میں ہوں یا اکتوبر میں الیکشن مہم جاری رکھیں ۔

رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ اس فتنے کو ایک سازش کے تحت اس ملک پر مسلط کیا گیا،فتنے کو لانے میں ایک اوباش ٹولہ بھی ان کے ساتھ تھا ، اس فتنے کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک بحرانوں کا شکار ہے۔

یہ کہتا تھا خودکشی کر لوں گا مگر آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائوں گا ،اس فتنے نے سخت شرائط پر آئی ایم ایف سے معاہدہ کر کے مشکلات بڑھائیں۔

سی پیک مکمل ہو جاتا تو پاکستان کو ایک ایک بلین کیلئے ملکوں کے پائوں نہ پکڑنے پڑتے ، ن لیگ کے دور میں دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، جب جب اس ملک پر بحران آیا نواز شریف نے بحران سے نکالا۔

اگر ہم ایٹمی قوت نہ ہوتے تو آج تک انڈیا ہمیں کھا چکا ہوتا ، مارشل لا ءکے ذریعے ملک کو بحران میں دھکیلا گیا ، 2018میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا ۔

ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کی کوشش کی اور ملک ڈیفالٹ سے بچ گیا،عنقریب آئی ایم ایف سے بھی معاہدہ ہوجائے گا۔

اس ٹولے کے پاس پروپیگنڈے کے علاوہ کوئی چیز نہیں ،انہوں نے چار سال میں جو کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے، ہماری لگی ہوئی تختیاں اتار اتار کر اپنی تختیاں لگائی گئیں۔

انہوں نے لوگوں کےساتھ صرف فراڈ اوردھوکہ کیا، اسٹیبلشمنٹ نے کانوں کو ہاتھ لگائے کہ اس کی مدد کر کے غلطی کی ، اب اسٹیبلشمنٹ اپنی غلطی کا ازالہ کرنا چاہتی ہے ۔

جیسے ہی الیکشن قریب ہوں گے نواز شریف پاکستان واپس آئیں گے۔


متعلقہ خبریں