عمران خان کہہ چکے انتخابات آگے ہونے سے فرق نہیں پڑتا، قمر زمان کائرہ


اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کہہ چکے ہیں کہ اگر انتخابات آگے ہو جائیں تو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

پیپلز پارٹی رہنما قمر زمان کائرہ نے ہم نیوز کے پروگرام “ہم مہر بخاری کے ساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات اپنے وقت پر ہونے ہیں اور ہم کبھی پہلے انتخابات کرانے کے حق میں نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے تھے عمران خان اسمبلیاں نہ توڑیں، انہوں نے پریشر ڈالنے کے لیے اسمبلیاں توڑیں، کیا یہ سہی عمل تھا؟ اور کوئی گارنٹی دے سکتا ہے ان انتخابات سے استحکام آئے گا؟

یہ بھی پڑھیں: لاہور والو! آپ کی ٹریننگ کر رہا ہوں، ضرورت پڑے تو نکلنا ہے، عمران خان

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے 4 ججز نے کہا کیس نہیں سن سکتے اور ہم کہہ رہے ہیں کہ فل کورٹ بنایا جائے تاکہ معاملہ حل ہو جائے۔ ہم سینئر ترین ججز کی بات کر رہے تھے وہ بھی سپریم کورٹ کے ہی ججز ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ ابھی بل کو قانون کا حصہ بنایا ہی نہیں تھا کہ آپ نے بینچ بنا دیا اور اب تو عدلیہ کے اندر سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ ہم تلخی کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہم نے کمیٹی بنائی ہے جو مذاکرات کی کوشش کر رہی ہے۔

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ ایک وقت پر انتخابات کے انعقاد کے لیے مذاکرات کیے جائیں اور عمران خان کہہ چکے ہیں انتخابات آگے ہو جائیں تو مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا جبکہ ہم چاہتے ہیں ٹھراؤ آئے اور چیزیں بہتری کی طرف جائیں۔


متعلقہ خبریں