پاکستان میں عید الفطر کی تاریخ سے متعلق بڑی پیش گوئی

Eid moon, shawal chand

رویت ہلال ریسرچ کونسل کی جانب سے ملک میں شوال کے چاند کی رویت سے متعلق پیش گوئی کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے بتایا کہ شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعرات 20 اپریل کی شام ہوگا تاہم اس شام عید کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں ، لہذاعید الفطر 30روزے مکمل ہونے کے بعد ہفتہ 22 اپریل 2023ء کو منائی جائے گی۔

رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق چاند کی پیدائش جمعرات 20 اپریل کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 13 منٹ پر ہوگی۔اس روز یعنی 29 رمضان المبارک کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر جو رویت کے لئے 19 گھنٹوں سے زائد ہونی چاہیے وہ پاکستان کے تمام علاقوں میں 10 گھنٹوں سے بھی کم ہو گی۔

دوسری جانب غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق جو 40 منٹ سے زائد ہونا چاہیے، وہ فرق پشاور ، گلگت ، مظفر آباد ، چارسدہ ، اسلام آباد / راولپنڈی، کوئٹہ اور جیوانی میں 21 منٹ جبکہ لاہور اور کراچی میں 20 منٹ ہو گا چنانچہ پاکستان کے تمام علاقوں میں مطلع انتہائی صاف ہوا تو بھی 20 اپریل کی شام ٹیلی اسکوپ پر بھی چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں۔انہوں نے بتایا کہ 21 اپریل کو 30 رمضان المبارک اور 22 اپریل کو یکم شوال ہو گی۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں