معمول سے زائد بارشوں کی پیشگوئی، حکام پریشان


اسلام آباد: موسم گرما میں غیرمعمولی بارشوں کی پیشگوئی پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) حکام نے منصوبہ بندی پر غور شروع کر دیا۔

موسم گرما میں غیر معمولی بارشوں کی پیشگوئی پر این ڈی ایم اے کی جانب سے اجلاس طلب کیا گیا۔ جس میں ہنگامی حالات پر غور کیا گیا۔

کانفرنس میں وزارت موسمیاتی تبدیلی، وزارت قومی ہیلتھ سروسز، مسلح افواج، سپارکو، واپڈا، محکمہ موسمیات، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز سمیت دیگر ایمرجنسی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

کانفرنس میں اگلے 6 ماہ کے دوران ہیٹ اسٹروک، ٹڈی دل حملے، جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات، خشک سالی، گلیشئیر پگھلنے اور سیلاب سمیت دیگر ممکنہ قدرتی آفات کے خطرات اور ان سے بچاؤ کے لیے منصوبہ بندی پر غور کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے نمائندے نے اجلاس کو بتایا کہ اگلے 3 ماہ کے دوران ملک میں معمول یا اس سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت بھی معمول سے زیادہ رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پارلیمنٹ نے بالکل درست قرارداد پاس کی، نواز شریف

وزارت قومی ہیلتھ سروسز نے فورم کو ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پیش کیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا کہ قدرتی آفات کے علاوہ انسانی غلطی سے پیش آنے والے حادثات و سانحات سے متعلق بھی تیاری رکھی جائے اور صوبائی ذمہ دار ادارے فیلڈ کے دورہ جات کے ذریعے مقامی جواب دہندگان کی کڑی نگرانی کریں۔


متعلقہ خبریں