اسلام آباد: سپریم کورٹ نے رولز بنائے جانے تک آرٹیکل 184 تھری (ازخود نوٹس) کے تحت تمام کیسز ملتوی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
چیف جسٹس سے ازخود نوٹس لینے کا اختیار لے لیا گیا
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے یہ حکم حفاظ قران کے لیے اضافی 20 نمبر دینے سے متعلق از خود نوٹس کیس میں جاری کردہ فیصلے میں دیا ہے۔
درج فیصلے میں کہا گیا ہے کہ رولز بنائے جانے تک آرٹیکل 184 تھری کے تمام کیسز کو ملتوی کردیا جائے۔
فیصلہ دو ایک کی اکثریت سے دیا گیا ہے، بینچ کے رکن امین الدین خان نے قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے تحریر کردہ فیصلے سے اتفاق کیا ہے جب کہ بینچ کے تیسرے رکن جسٹس شاہد وحید نے فیصلے سے اختلاف کیا ہے۔
درج فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جب تک بینچز کی تشکیل سے متعلق چیف جسٹس کے اختیارات میں ترمیم نہیں ہوتی تمام مقدمات کو مؤخر کیا جائے۔
تحریر کردہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آئین چیف جسٹس کو صوابدیدی اختیارات نہیں دیتا، سپریم کورٹ چیف جسٹس اور تمام ججز پر مشتمل ہوتی ہے، چیف جسٹس کو خصوصی بینچ بنانے کا اختیار نہیں۔
بینچ کی جانب سے تحریر کردہ فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ آرٹیکل 184 تین کے تحت دائر درخواستوں کے حوالے سے رولز موجود ہیں، از خود نوٹس کے مقدمات مقرر کرنے اور بینچ تشکیل کیلئے رولز موجود نہیں ہیں۔
قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023 منظور کر لیا
فیصلے میں درج ہے کہ رولز کی تشکیل تک اہم آئینی اور ازخود نوٹس کے مقدمات پر سماعت مؤخر کی جائے، پیمرا کی جانب سے ججز پر تنقید پر پابندی آئین اور اسلام کے خلاف ہے، آرٹیکل 184/3 کے تحت فیصلوں کیخلاف اپیل کا حق بھی موجود نہیں ہے۔