قومی کرکٹ ٹیم کی لیڈز میں شکست: مبصرین و شائقین ناراض

پاکستانی ٹیم کی لیڈز ٹیسٹ میں شکست پر کرکٹ شائقین اور مبصرین ناراض | urduhumnews.wpengine.com

لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کی لیڈز ٹیسٹ میں شکست پر شائقین کرکٹ اورمبصرین شدید ناراض ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ شکست کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کسی ٹھوس منصوبہ بندی کے بغیر میدان میں اتری تھی۔

کرکٹ مبصرین کو اس امر پر حیرانی ہے کہ جو کھلاڑی ماضی میں انگلش کرکٹ ٹیم کے خلاف عمدہ کھیل پیش کرتے تھے وہ اس میچ میں کہیں نظر نہیں آئے۔

مبصرین اس پر بھی حیران ہیں کہ جس محمد عامر نے 2009 اور10 میں انگلش کرکٹ ٹیم کو سرپرائز دیا تھا وہ اس مرتبہ وکٹیں لینے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

لیڈزٹیسٹ کی ناکامی میں بیٹسمینوں کے کردار پر تبصرہ کرتے ہوئے مبصرین کا کہنا ہے کہ ماضی میں یونس خان جیسے بلے باز ٹیسٹ میچز کے آخری دن کا کھیل سنبھالا کرتے تھے۔ ان کی ریٹائرمنٹ ہوئی تویہ نہیں دیکھا گیا کہ اب کون سا کھلاڑی ان کی جگہ لے گا؟

لیڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز 55 رنزسے شکست  دی تھی جس کے بعد انگلش ٹیم کو انہی کی سرزمین پر ہرانے کا خواب چکنا چور ہوا اور ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔

لیڈز ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی بیٹنگ اور باؤلنگ لائن بری طرح ناکام ہوئی۔ دوسری اننگز میں کوئی بھی کھلاڑی جم کر کھیل پیش نہ کرسکا۔ اوپنر امام الحق اور بیٹسمین عثمان صلاح الدین بمشکل 30 رنزکا ہندسہ عبور کرسکے۔ اسی طرح دوسری اننگزمیں پاکستان کی پوری ٹیم صرف 134 رنز پر میدان بدرہو گئی۔

میچ کے تیسرے روزانگلش کرکٹ ٹیم  نے 302 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا اور 189 رنز کی واضح برتری حاصل کرلی۔ پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اسے شروع  ہی سے مشکلات کا سامنا رہا۔ شاہینوں کو ایک اننگز اور 55 رنزسے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کے فاسٹ باؤلر محمد عباس مین آف دی سیریز قرار دیے گئے ۔ انہوں نے دومیچوں میں دس وکٹیں حاصل کیں۔ 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پرجوزبٹلر کو مین آف دی میچ  قراردیا گیا۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد کہتے ہیں کہ قومی کرکٹ ٹیم کو لیڈز ٹیسٹ میں بیٹنگ ڈسپلن نہ ہونے کے باعث شکست کھانا پڑی۔ کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم کو اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہو گا۔

انگلش ٹیم کے کپتان جوئے روٹ کا کہنا تھا کہ پوری ٹیم نے لارڈز ٹیسٹ کی غلطیوں سے سبق سیکھا۔ کھلاڑیوں نے نئی حکمت عملی کے مطابق شکست کا پریشر نہیں لیا اورعمدہ کارکردگی دکھائی۔

مین آف دی سیریز کا اعزاز اپنے نام کرنے والے قومی ٹیم کے کھلاڑی محمد عباس کا کہنا تھا کہ ان کے لیے آج بہت خوشی کا دن ہے، تاہم ٹیسٹ سیریز نہ جیتنے کا افسوس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیریز جیت جاتے تو زیادہ خوشی ہوتی ۔

پاکستان قومی کرکٹ ٹیم اب اسکاٹ لینڈ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی۔ پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے مابین دو ٹی ٹوئنٹی میچز 12 اور 13 جون کو کھیلے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں