پرویز خٹک نے الیکشن مہم کا آغاز کردیا


اسلام آباد: خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے الیکشن مہم  کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے اپنے انتخابی دفتر کا افتتاح کردیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق پرویز خٹک آئندہ عام انتخابات میں پی کے 61 اور پی کے 64 سے صوبائی اسمبلی کی دو نشستوں پر امیدوار ہوں گے۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی این اے 26 پہ بھی پی ٹی آئی کے ٹکٹ سے انتخابی امیدوار ہوں گے۔

انتخابی حکمت عملی کے تحت پاکستان تحریک انصاف پرویز خٹک کو تین نشستوں پر میدان میں اتار رہی ہے۔ وزیراعلیٰ کے پی ٹی آئی کے اس لحاظ سے مضبوط ترین امیدوارگردانے جاتے ہیں کہ وہ پانچ سال صوبے کے حکمران رہے ہیں۔

انہوں نے پبی میں اپنے انتخابی دفتر کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے جنون کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا، 2018 میں پی ٹی آئی کو کامیابی ملے گی اور حقیقی عوامی راج آئے گا۔

ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے 25 جولائی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے لیکن سندھ کے علاوہ کسی بھی صوبے میں نگراں وزیراعلیٰ کی تعیناتی نہیں ہو سکی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آج سے کاغذات نامزدگی کی وصولی شروع کردی ہے اورامیدواروں کی ابتدائی فہرست آٹھ جون کو آویزاں کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے آئندہ کی انتخابی حکمت عملی کے تحت جو راستہ اپنایا ہے وہ اس لحاظ سے نیا نہیں ہے کہ ان کے پیشرو وزرائےاعلیٰ بھی ماضی میں یہی راستہ اختیارکرچکے ہیں۔

جے یوآئی (ف) کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ اکرم خان درانی نے وزارت اعلی سے علیحدگی کے بعد قومی اسمبلی کی نشست پہ انتخاب میں حصہ لیا اور وفاقی وزارت کا قلمدان سنبھالا۔

عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے وزارت اعلیٰ کی ذمہ داریاں نبھانے والے امیرحیدر خان ہوتی نے بھی وزارت اعلیٰ کے بعد رکن قومی اسمبلی کی نشست اپنے پاس رکھی۔

 

 

 


متعلقہ خبریں