چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے انتخابات کے حوالے سے ’وسیع تر قومی اتفاق رائے‘ کے لیے پی ڈی ایم جماعتوں سے مذاکرات پر اتفاق کیا ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی رہنماوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں سول سوسائٹی کے نماٗندے امتیاز عالم نے بتایا کہ عمران خان حریف سیاسی جماعتوں کے ساتھ بیٹھنے پر راضی ہوگئے ہیں۔
سول سوسائٹی کے نمائندے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو کثیر الجماعتی کانفرنس میں شزکت کے لئے دعوت دینے گئے تھے، بعد میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے بھی پیش رفت کی تصدیق کی۔
دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم عمران خان سے مذاکرات کے لئے اسی صورت راضی ہو گی، اگرعمران خان سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ ماضی میں عمران خان سے مذاکرات کی کوششیں ہمیشہ ناکام رہی ہیں، عمران خان سیاسی مخالفین کے ساتھ بیٹھنے کو آر سمجھتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے یہ بات جیو نیوز کے پروگرام ’ آج شاہ زیب خانزادہ کےساتھ’ میں کہی۔