لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ، نگراں وزیراعظم کا اپیل دائر کرنے کا حکم


اسلام آباد: نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک نے لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے کاغذات نامزدگی کالعدم قراردینے کے خلاف اپیل دائرکرنے کا حکم دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعظم نے اپنے حکم میں وزارت قانون سے کہا ہے کہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کی جائے تاکہ انتخابات کا مقررہ وقت پرانعقاد یقینی بنایا جا سکے۔

اس حکم کے بعد وزارت قانون نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو مراسلہ بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائرکرنے کا فیصلہ کیا ہے، لاہورہائی کورٹ کا فیصلہ حکومت کے حق میں نہیں ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل ساجد بھٹی کوعدالت میں وفاقی حکومت کی نمائندگی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ لا اینڈ جسٹس ڈویژن کو ہرمعاملے میں آگاہ رکھا جائے۔

قومی اسمبلی کے اسپیکراور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ایازصادق نے بھی لاہورہائی کورٹ کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

لاہورمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسپیکرکا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی تمام جماعتوں نے کاغذات نامزدگی میں تبدیلی کے لئے قانون سازی کی تھی، ہاؤس کے کسٹوڈین کی حیثیت سے میرا فرض ہے کہ  میں لاہورہائی کورٹ کے سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم کرانے کے لئے اپیل دائرکروں۔

انہوں نے کہا کہ نئے فارم کی وجہ سے الیکشن میں تاخیرکا خدشہ ہے، عدالت کو چاہئے تھا کہ وہ حکومت کی مدت ختم ہونے سے پہلے فیصلہ سنا دیتی۔


متعلقہ خبریں