اصغر خان کیس: نوازشریف سمیت 21 سویلین کو نوٹس جاری

فائل: فوٹو


لاہور: سپریم کورٹ نے اصغرخان کیس میں 21 سویلین افراد کے علاوہ انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی سمیت دیگر آرمی افسران، ڈائریکٹرجنرل نیب اور ڈی جی ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر دیے، جن سویلین افراد کو نوٹس بھیجے گئے ہیں ان میں نوازشریف، عابدہ حسین اور جاوید ہاشمی بھی شامل ہیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے خصوصی بینچ نے لاہور رجسٹری میں اصغر خان عملدرآمد کیس کی سماعت کی، دوران سماعت اٹارنی جنرل اشتراوصاف نے عدالت کو بتایا کہ کابینہ نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے ایف آئی اے کو تفتیش جاری رکھنے کا کہا ہے، اس موقع پر چیف جسٹس نے پیسے لینے والوں سے رقم کی واپسی کے حوالے سے بھی سوالات کیے۔

سپریم کورٹ نے اصغرخان کیس سے متعلقہ افراد کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 6 جون تک ملتوی کردی۔

اس سے پہلے 31 مئی کو عدالت عظمی نے وفاقی حکومت کو اصغرخان کیس سے متعلق عدالتی فیصلے پرعمل درآمد کا حکم دیا تھا۔

1990 میں اسلامی جمہوری اتحاد (آئی جے آئی ) میں شامل جماعتوں اوردیگر سیاسی رہنماؤں میں مبینہ طور پرپیسے کی تقسیم کی گئی تھی، ان رقوم کی تقسیم کے خلاف اصغرخان مرحوم نے عدالت سے رجوع کیا تھا اسی لئے پاکستان کی عدالتی، سیاسی اور صحافتی تاریخ میں اسے اصغرخان کیس کے نام سے لکھا اور پکارا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں