عوام پی ٹی آئی کو مسترد کرے گی تو ہم قبول کریں گے، علی محمد


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ اگر عوام ہمیں مسترد کرے گی تو ہم قبول کریں گے۔

پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان نے ہم نیوز کے پروگرام “پاکستان ٹونائٹ ود ثمر عباس” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز گل کے شکوے بجا ہوں گے اور ان کی پریس کانفرنس میں دیگر رہنماؤں کو کھڑے رہنا چاہے یا پھر ان کے ہمراہ دیگر رہنماؤں کو میڈیا سے گفتگو نہیں کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز گل کے ساتھ زیادتیاں ہوئی ہیں اور ہم ان کو سپوٹ کریں گے۔ شہباز گل کو قیادت سے کوئی شکایت نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اگر 25 مئی کو دھمکی نہ دیتا تو ہم نے الیکشن کرانیکا فیصلہ کر لیا تھا، رانا ثنا اللہ

علی محمد خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور اے این پی اس ملک کی حقیقت ہیں اور اگر آج پیپلز پارٹی کامیاب نہیں ہو رہی تو وہ ختم نہیں ہو گئی اونچ نیچ تو پارٹیوں میں آتی رہتی ہے۔ اگر ہمیں بھی عوام مسترد کرے گی تو ہم قبول کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سب جماعتوں کو یہ حق ہے کہ وہ اپنا منشور عوام کے درمیان لے کر جائے۔ اگر مسلم لیگ ن عوام کے حق میں بہتر ہے تو انہیں آنا چاہیے۔ ووٹ کو عزت دو کے نعرے کو تو مسلم لیگ ن نے بالکل ہی فارغ کر کے رکھ دیا ہے۔ جس کے متعلق کیپٹن صفدر کا بیان بھی آ گیا ہے۔


متعلقہ خبریں