ادارے بھی کرپٹ لوگوں کا احتساب نہیں کرسکے، سراج الحق

ادارے بھی کرپٹ لوگوں کا احتساب نہیں کرسکے | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: جماعت اسلامی پاکستان کے سربراہ سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ادارے بھی کرپٹ لوگوں کا احتساب نہیں کرسکے ہیں، قومی احتساب بیورو ( نیب ) کلی طور پر ناکام ہو چکا ہے، ہمیں دکھ ہے کہ ادارے پاکستان کو کرپشن فری نہیں بنا سکے۔

کراچی میں جماعت اسلامی کے مرکز ادارہ نور حق میں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو دشمن نے اپنے نشانے پر رکھا ہوا ہے۔ کراچی ترقی نہیں کرے گا تو ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ انسان چاند پر پہنچ گیا ہے لیکن کراچی کا شہری پانی مانگ رہا ہے۔ سیاسی جماعتوں کے پاس وژن اور پروگرام نہ ہونے کی وجہ سے پانی کا مسئلہ حل نہیں ہورہا ہے۔ کراچی جیسے شہر میں روزگار، صفائی، تعلیم اور صحت کے مسائل اب بھی موجود ہیں۔ اس شہر نے تین عشرے خوف کے عالم میں گزارے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان توپوں کے سائے میں نہیں جمہوری کوششوں سے ہی وجود میں آیا تھا اور اب تو اس ملک میں جمہوری حکومتیں بھی خوفزدہ رہتی ہیں کہ نہ جانے کب حکومت کا خاتمہ ہوجائے۔

سراج الحق نے کہا کہ ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ ہم احتساب کو تنقید اور دشمنی سمجھتے ہیں۔ عدالتوں میں انصاف اور اداروں میں استحکام نہ ہونے کی فریاد کرنے والے اپنے گریبانوں میں بھی جھانکیں۔ جہاں انصاف کے دروازے سونے کی چابی سے کھلتے ہوں وہاں انصاف کبھی نہیں مل سکتا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے پاس صحت، تعلیم اور روزگار کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔ اس سلسلے میں ہم نے آصف علی زرداری، عمران خان، شہباز شریف اور دیگر رہنماؤں سے بھی مہنگائی اور غربت کے خاتمے کے لیے اکھٹا ہونے کی بات کی مگر کوئی فائدہ نہیں ہوسکا۔

سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیاست پر بدعنوان جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کا قبضہ ہے۔ ہمیں ذاتی اور خاندانی بادشاہت کے بجائے آئین اور قانون کی حکمرانی کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی۔


متعلقہ خبریں