کراچی کے لیے خوشخبری: درجہ حرارت کم ہونا شروع ہو گیا


اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے اہلیان کراچی کے لیے خوشخبری سنائی ہے کہ آج سے شہر کا درجہ حرارت بتدریج کم ہونا شروع ہوجائے گا۔ ماہرین موسمیات نے لاہور کے باسیوں سمیت ملحقہ علاقے کے مکینوں کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ پانچ روز کے دوران ملک کے اکثر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔

گزشتہ تین دن سے سخت گرمی کی لپیٹ میں رہنے والے کراچی کے متعلق محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق شہر میں سمندری ہوائیں چلنا شروع ہوگئی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب بھی 82 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت شہر قائد کا درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ تین دن کی شدید گرمی کے دوران بدھ کو شہر کا درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔

زندہ دلان لاہور کے لیے محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آئندہ کئی روز تک شہر کا موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ اس وقت شہر کا درجہ حرارت 33 ڈگری سینتٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اورآزاد کشمیر میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔ سندھ اوربلوچستان کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں