لبنان، بینک عملے کے رقم نکلوانے پر سخت سوالات، پریشان فوجی کی فائرنگ

لبنان، بینک عملے کے رقم نکلوانے پر سخت سوالات، پریشان فوجی کی فائرنگ

بیروت: لبنان میں ایک ریٹائرڈ فوجی نے بینک پر اس وقت فائرنگ کردی جب عملے نے اپنی جمع شدہ رقم دینے پہ اعتراضات کیے تاہم اس واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

سابق امریکی صدر کی صاحبزادی ٹفانی ٹرمپ کی ارب پتی لبنانی کیساتھ شادی

لبنان کے مؤقر ادارے ’دی 961 نیوز‘ کے مطابق واقعہ جنوبی علاقے صیدا میں اس وقت پیش آیا جب ریٹائرڈ فوجی اپنی جمع شدہ رقم لینے کے لیے لبنان اوورسیز بینک کی برانچ گیا لیکن وہاں متعین عملے کی جانب سے مختلف نوعیت کے اعتراضات اور سخت سوالات کیے گئے۔

بینک عملے کی جانب سے کیے جانے والے اعتراضات پر ریٹائرڈ فوجی طیش میں آگیا، پریشان ہو کر اپنی گاڑی سے پستول لایا اور فائرنگ شروع کردی۔

لبنان کے مرکزی بینک کی جانب سے غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت کو منظم کرنے کے لیے مختلف نوعیت کی سخت شرائط عائد کی گئی ہیں جس کی وجہ سے عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق کئی بینکوں کی برانچوں پر اکاؤنٹ ہولڈرز کی جانب سے دھاوے بولے گئے ہیں جب کہ تلخ کلامیاں و ہاتھا پائی معمول بن چکی ہے۔

پیٹرول ختم، لبنانی سرجن سائیکل پر اسپتال پہنچ گیا

لبنان کی نیوز سائٹ ’الشفافیہ‘ کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ ویڈیو میں با آسانی دیکھا جا سکتا ہے کہ ریٹائرڈ فوجی نے بینک کی برانچ کے مرکزی گیٹ پر فائرنگ کی لیکن وہاں موجود گارڈ نے اس سے قبل ہی گیٹ بند کردیا جس کی وجہ سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔

لبنانی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کرنے والے ریٹائرڈ فوجی کو واقعہ کے بعد فوج نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

لبنان: بینک کے سربراہ ریاض سلامہ کی ذاتی دولت کی تحقیقات شروع

واضح رہے کہ گزشتہ تین سال کے عرصے کے دوران لبنان کو سخت معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے مقامی کرنسی ’لبنانی لیرا‘ کی قدر بیحد گر چکی ہے اور ملک میں خوراک و ادویات سمیت انتہائی ضروری اشیا کی بھی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔

لبنان میں پائے جانے والے معاشی بحران اور ضروری اشیائے خورد و نوش کی قلت کے سبب کئی حکومتیں بھی ماضی قریب میں تبدیل ہو چکی ہیں۔

عالمی بینک نے اس حوالے سے دنیا کے ان دس ممالک کی فہرست جاری کی ہے جہاں خوراک کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں تو ان میں لبنان کا دوسرا نمبر ہے جہاں اشیائے خورد و نوش 208 فیصد تک مہنگی ہوئی ہیں جب کہ عوام کی قوت خرید جواب دے چکی ہے۔

لبنان: ارب پتی بزنس مین نجیب میکاتی وزیراعظم نامزد

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق لبنان میں طبقہ اشرافیہ سے تعلق رکھنے والے افراد بلاشبہ کھرب و ارب پتی ہیں، ان کی دولت کا کوئی شمار نہیں ہے، امریکہ سمیت مغربی ممالک کے انتہائی پوش علاقوں میں ان کی مہنگی رہائش گاہیں ہیں لیکن عوام الناس کی صورتحال انتہائی نا گفتہ بہ ہے۔


متعلقہ خبریں