وزیردفاع کا گیاری سیکٹر کا دورہ، یادگار شہدا پر حاضری اور فاتحہ خوانی


اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع  خرم دستگیر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان آرڈر سے متعلق بھارتی بے بنیاد احتجاج  کو مسترد کرتے ہیں،  سرحدوں پر مامور بہادر مسلح افواج  کو قوم کا مکمل تعاون حاصل ہے۔

وزیر دفاع خرم دستگیر سیاچن گلیشیئر پر گیاری سیکٹر کے دورے کے دوران گفتگو کر رہے تھے، انہوں نے گیاری سیکٹر میں یاد گار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

اس سے پہلے اسکردو پہنچنے پر فورس کمانڈر ناردرن ایریاز نے وزیر دفاع کا استقبال کیا، خرم دستگیر نے 20 ہزارفٹ کی بلندی پر پاکستانی پوسٹوں کا فضائی دورہ بھی کیا۔

گیاری سیکٹر

گیاری سیکٹر دنیا کے بلند اور سخت ترین فوجی محاذ سیاچن میں واقع  ہے،  گیاری سیکٹر میں سات اپریل 2012 کو بٹالین ہیڈکوارٹرز پر برفانی تودہ گرنے سے 124 فوجی اہلکاروں سمیت 140 افراد برف تلے دب کر شہید ہوگئے تھے۔

برفانی تودہ گرنے سے شہید ہونے والے افراد میں سے 114 کا تعلق گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں سے تھا، تودے تلے دبے افراد کی لاشوں کو دو سال کے طویل آپریشن کے بعد نکالا گیا تھا۔

1984 میں بھارتی فوج  نے سیاچن پر اپنا ناجائز تسلط جما لیا تھا جس کے جواب میں پاکستان کو بھی اپنے جوان  وہاں بھیجنے پڑے تھے۔


متعلقہ خبریں