عالمی برادری کی زیادہ سے زیادہ معاونت درکار ہے، وزیر اعظم


شرم الشیخ: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے عالمی برادری کی زیادہ سے زیادہ معاونت درکار ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے دورہ مصر کے دوران نارویجن وزیر اعظم کی مشترکہ صدارت میں گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت آ گیا ہے دنیا ماحولیاتی آلودگی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرے۔ سیلابی تباہی اتنے بڑے پیمانے پر ہوئی کہ ہم اکیلے اس سے نہیں نمٹ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث دنیا کو مزید وسائل درکار ہیں اور توانائی کی بڑھتی قیمتوں کے باعث پاکستان جیسے ملک متاثر ہو رہے ہیں۔ ہمیں وسائل کے ضیاع کے بجائے مؤثر استعمال پر توجہ دینی چاہیئے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئی خوف یا موت کا خطرہ جدوجہد نہیں روک سکتا، عمران خان

شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے اور عالمی کارپوریشنز تعاون کریں تو پھر بھرپور وسائل دستیاب ہو سکتے ہیں۔ امیر ملک موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ملکوں کی مدد کریں۔

اس سے قبل کلائمنٹ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ممالک میں سرفہرست ہے۔ حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا اور سیلاب سے پاکستان میں 40لاکھ ایکٹر پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں۔ پاکستان کا کاربن کے اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے۔


متعلقہ خبریں