قومی سلامتی کمیٹی کا فاٹا انضمام پر اظہار اطمینان


اسلام آباد: قومی سلامتی کمیٹی نے کشمیر میں بھارتی دہشتگردی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے  کہ پاکستان کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنے تک اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، کمیٹی نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کی ہے اور فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہاربھی کیا ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت منگل کو ہوا جس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان اور چیف آف نیول اسٹاف ایڈ مرل ظفر محمود عباسی، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور وفاقی وزرا نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی نے ملک کی اندورنی و سرحدی سلامتی کی صورتحال پرغورکیا اور  فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے لئے  قانون سازی پراظہاراطمینان کیا، اجلاس میں فاٹا اصلاحات پر عمل درآمد کے امورکا جائزہ بھی لیا گیا، کمیٹی نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ قومی دھارے میں شامل کرنے سے فاٹا کےعوام کی زندگیوں میں تبدیلی آئے گی۔

قومی سلامتی کمیٹی نے کشمیر میں بھارتی دہشتگردی پر تشویش کا اظہار کیا اوراس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنے تک اخلاقی اورسفارتی حمایت جاری رکھے گا، اعلامیے کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی نے نہتے فلسطینیوں پراسرائیلی مظالم کی مذمت کی اور فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

گلگت بلتستان آرڈر 2018 کے بارے میں کمیٹی کا کہنا تھا کہ اس سے وہاں کےعوام کی دیرینہ خواہشات کی تکمیل ہوگی اوریہ گلگت کے عوام کو ملک کے دیگر شہریوں کے برابر حقوق دے گا۔ اعلامیے کے مطابق وزارت داخلہ کی نئی ویزا پالیسی پر قومی سلامتی کمیٹی کو بریفنگ دی گئی ۔


متعلقہ خبریں