کراچی میں بلدیاتی انتخابات پھر ملتوی


اسلام آباد: کراچی کے 7 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی کر دیئے گئے۔

کراچی میں 23 اکتوبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے اجلاس میں کیا گیا جو چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت ہوا۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اجلاس 15 روز بعد پھر کیا جائے گا۔ جس میں صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ وفاقی حکومت کے خط کے بعد سندھ بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی کیا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی حکومت کے خط کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فیڈ بیک لیا جائے گا۔ ضلع کرم کے حلقہ این اے 45 میں پولنگ 30 اکتوبر کو ہو گی۔ جس کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے کرم کے حلقہ این اے 45 میں ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

سندھ حکومت نے مؤقف اختیار کیا کہ انتخابات کے لیے 16 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔

الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ سے کراچی بلدیاتی انتخابات کی سیکیورٹی پر جواب طلب کیا تھا۔ سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کے لیے 3 بار الیکشن کمیشن سے درخواست کرچکی تھی اور سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن سے 90 دن کے لیے انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔

سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن سے 16 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کا مطالبہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارہ کہو بائی پاس منصوبہ چیلنج، عدالت نے کام رکوا دیا

واضح رہے کہ کراچی کے 7 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کو شیڈول تھے اور الیکشن کمیشن نے وفاق سے کراچی بلدیاتی انتخابات میں سیکیورٹی کی فراہمی سے متعلق جواب مانگا تھا۔


متعلقہ خبریں