عمران خان جتنا جلدی کال دیں گے اتنا جلدی ان کے حق میں فیصلہ ہو گا، شیخ رشید


راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان جتنا جلدی کال دیں گے اتنا جلدی ان کے حق میں فیصلہ ہو گا۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قوم عمران خان کی کال کا انتظار کر رہی ہے کیونکہ چور اور لٹیروں نے غریبوں کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ پاکستان اس وقت مسائلستان بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کسی سے لڑائی نہیں ہے اور جب ڈیل ہوتی ہے تو چور وزیر اعظم کے جہاز میں واپس آتے ہیں۔ لوگوں کے مسائل کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ چوروں نے ملک پر قبضہ کر لیا ہے اور چولہے بجھ گئے ہیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان جتنی جلدی کال دیں اتنا ہی جلدی ان کے حق میں فیصلہ ہو گا۔ کہتے ہیں موڈیز کو سمجھائیں گے کہ ریٹنگ کیسے کم ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کنٹینر لگا کر کیا کر رہی ہے؟ اور الیکشن میں تاخیر کر کے یہ لوگ کیا کریں گے؟ نواز شریف کو واپس لے کر آئیں لوگ تو وزیر اعظم کے جہاز میں آ رہے ہیں۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ہماری فوج اور ادارے عظیم ہیں جبکہ اداروں سے درخواست ہے کہ ان لوگوں کو بٹھائیں اور الیکشن کا وقت دیں۔ اگر رانا ثنا اللہ نے لوگوں پر ڈرون حملہ کیا تو کسی چیز کی ضمانت نہیں دے سکتے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کے کیس میں 24 تاریخ کو جاؤں گا اور جب الیکشن کی بات ہو گی پی ٹی آئی کی تمام حکومتیں توڑی جائیں گی۔ وقت آنے پر ان 13 جماعتوں کو لگ پتا جائے گا۔

اس سے قبل شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ خاتم النبیین ﷺکی ولادت قوم کو مبارک ہو۔ اس سے زیادہ کیا عدم استحکام ہو گا جو آج ہے کہ وزیر اغوا کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں لوگ سڑکوں پر خود فیصلے کر رہے ہیں جبکہ بھوک افلاس اور بےروزگاری کسی کی کال کا انتظار نہیں کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: عوامی نیشنل پارٹی کی حکومتی اتحاد چھوڑنے کی دھمکی

شیخ رشید احمد نے کہا کہ 15 نومبر تک اب یا کبھی نہیں، آرپار ہو جائے گا۔


متعلقہ خبریں