کراچی میں آتشزدگی، ماں بچوں سمیت آٹھ جاں بحق


کراچی:  بلدیہ ٹاؤن میں واقع ملنگ گوٹھ  کے گھر میں ہونے والی آتشزدگی  سے ماں اور بچوں سمیت آٹھ افراد جاں بحق چار زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق افسوسناک سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 15 سالہ نازیہ، 40 سالہ گلزاربی بی ، 22 سالہ ظفر، 25 سالہ نائیلہ، آٹھ سالہ ریحان، 17 سالہ اقصیٰ، سات سالہ رقیہ اورطیب کے نام سے ہوئی ہے۔  زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی عملے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا۔ آتشزدگی کی تاحال وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔ سانحہ کی اطلاع ملنے پر دیگر امدادی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ امدادی ٹیموں نے جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔

امدادی ٹیموں کے مطابق ایک زخمی اسپتال منتقلی کے دوران زخموں کی تاب نہ لاکر جان کی بازی ہار گیا۔

ہمسایوں کے مطابق آگ شاید شاٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔ ان کا مؤقف تھا کہ جب تک بھاگ دوڑ کرتے پورے گھر میں آگ لگ چکی تھی۔

افسوسناک سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کا تعلق ایک ہی گھر سے ہے۔ گھر کا سربراہ کمرے سے باہر ہونے کی وجہ سے حادثے میں محفوظ رہا۔

مقامی  پولیس کا خیال ہے کہ گلزاربی بی کا شوہر رات کو کسی کام سے  کمرے سے باہرنکلا تو گلزار بی بی نے گھر کو آگ لگا دی۔

گلزار بی بی کے متعلق اہل محلہ اور اس کے بیٹے کا کہنا ہے کہ اس کا ذہنی توازن درست نہیں تھا اوروہ گزشتہ دو سال سے زیرعلاج تھیں۔

پولیس نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ  گلزاربی بی کے بچ جانے والے بیٹے نے بیان دیا ہے کہ اس کی ماں نے آگ لگائی ہے۔ آتشزدگی کے وقت گھر میں چار بیٹے اورچار بیٹاں موجود تھیں۔

پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کررہی ہے۔


متعلقہ خبریں