مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں، امریکا


پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر افسوس ہے اور اس مشکل کی گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔

نیڈ پرائس نے میڈیا بریفنگ میں ایف 16 طیاروں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایف 16 طیاروں کے پرزے فروخت کرنے سے متعلق کانگریس کو آگاہ کردیا ہے۔ اس فیصلے سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کئی شعبوں میں امریکا کا اہم اتحادی ہے جبکہ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں میڈیا اور سول سوسائٹی پر پابندیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقے کے دورے کے لیے روانہ

یاد رہے گزشتہ ہفتے امریکا نے پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی مرمت کیلئے سامان اورآلات  فروخت  کرنےکی منظوری دے دی تھی۔

امریکی محکمہ خارجہ نے 45 کروڑ ڈالر کے معاہدے کی منظوری دی، پینٹاگون کے مطابق امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن کارپوریشن پاکستان کو لڑاکا طیاروں کا سامان دینے کی مجاز ہو گی۔

پینٹاگون نے بیان میں کہا تھا کہ  امریکی ڈیفنس سیکیورٹی کوآپریشن ایجنسی نے کانگریس کو نئی غیر ملکی فوجی فروخت کے بارے میں مطلع کر دیا۔

بیان کے مطابق مجوزہ فروخت امریکہ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے مقاصد کی حمایت کرے گی۔ پاکستان کو آلات کی فروخت سے خطے میں بنیادی فوجی توازن نہیں بدلے گا۔


متعلقہ خبریں