سیلاب کا سارا پانی سمندر میں جا رہا، الیکشن کے بعد کالا باغ ڈیم بنانے پر زور دیں گے،پرویز الہیٰ


وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ سب سے کم ڈیم پاکستان نے بنائے ہیں، سیلاب کا سارا پانی سمندر میں جارہا ہے، الیکشن کے بعد کالا باغ ڈیم بنانے پرزور دیں گے۔

گجرات میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے لوگ پانی کے اوپر سیاست کر رہے ہیں، اگلے انتخابات میں عمران خان دوتہائی اکثریت سے وزیراعظم بنیں گے، کالا باغ ڈیم عمران خان کے علاوہ کوئی اور نہیں بنا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ گجرات کی سرزمین شہیدوں کی سرزمین ہے، کوئی ایسی جنگ نہیں جس میں گجرات نے نشان حیدر نہ لیا ہو۔

پرویز الہیٰ نے کہا کہ اس علاقے میں صرف تعلیم کی طاقت سے ہم نے ماحول کو بدلا ہے، پہلے یہاں ہر وقت قتل وغارت ہوتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ حمزہ نے لیپ ٹاپ تقسیم کیے اور کہا کہ ووٹ دینے کے وقت ہمیں یاد رکھنا،طلبا نے کہا کہ جنہوں نے یونیورسٹی دی ان کو کیوں یاد نہیں رکھے۔

اس موقع پر وزیراعلٰ پنجاب نے گجرات میں انجیئنرنگ یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس شہر میں میڈیکل کالج بھی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کے ہارٹ آپریشن بھی یہاں ہوگا، کسی دوسرے ملک جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے تباہی ہوئی ہے، میں خود بھی متاثرہ علاقوں میں گیا تھا، ریسکیو اہلکاروں سے سیلاب کے دروان بہترین کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جا رہے ہیں،ٹیلی تھون میں عمران خان کو لوگوں نے سیلاب متاثرین کی ریلیف کیلئے پیسے دیئے۔شہباز شریف اور پی ڈی ایم ٹیلی تھون کریں نا ،لوگوں نے چھتر مارنے ہیں۔


متعلقہ خبریں