مسلم لیگ ن کا پارٹی وفاداروں کو ٹکٹ دینے کا اعلان


لاہور: مسلم لیگ ن نے صرف پارٹی قیادت کے وفاداروں کو ٹکٹ دینے کا اعلان کردیا۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی زیرصدارت لاہورمیں پارٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں پرویز رشید اور رانا ثناء اللہ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ عام انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم کا فارمولا طے کرلیا گیا۔ پارٹی ٹکٹ کے حصول کے لیے پارٹی سے وفاداری کو اہم ترین اصول قرار دے دیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب کو مرکز بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے یہاں سے زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ن لیگ چھوڑ کر جانے والے اراکین اسمبلی کے مقابلے پرمضبوط ترین امیدوار میدان میں اتارے جائیں گے۔ نواز شریف نے لوٹوں کو سبق سکھانے کے لیے بھرپور انتخابی مہم چلانے کی ہدایت کردی ہے۔

اس وقت بہت سے اراکین صوبائی و قومی اسمبلی مسلم لیگ ن چھوڑ کر جا چکے ہیں جس کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔ جنوبی پنجاب سے ان کے اکثر اراکین پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو چکے ہیں جبکہ پنجاب کے دیگر علاقوں سے بھی پرندوں کی اڑان جاری ہے۔


متعلقہ خبریں