اب گھر بیٹھے ‘ای پے پنجاب‘ موبائل ایپ کے ذریعے ٹیکسز ادا کریں


ٹریفک چالان جمع کروانا ہو یا ای چالان‘ ٹوکن ٹیکس ادا کرنا ہو یا پراپرٹی ٹیکس‘ اب خواتین کو سرکاری دفاتر میں جانے اور لمبی قطاروں میں لگنے کی ضرورت نہیں. اب یہ تمام اہم ٹیکس گھر بیٹھے ای پے پنجاب موبائل ایپ کے ذریعے بآسانی ادا کئے جا سکتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ادائیگیاں کہیں جائے بغیر ہفتے کے ساتوں دن کسی بھی وقت آن لائن کی جا سکتی ہیں اور ان کے لئے کوئی اضافی چارجز بھی ادا نہیں کرنا پڑتے۔

چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ علی سرفراز حسین کا کہنا ہے کہ ای پے پنجاب نے خواتین کو بہت زیادہ سہولت مہیا کی ہے اور وہ ای پے موبائل ایپ یا ویب سائٹ کے ذریعے ٹریفک چالان اور دیگر ادائیگیاں گھر بیٹھے کر سکتی ہیں۔

چیئرمین پی آئی ٹی بی کا کہنا تھا کہ ٹیکس ادائیگی کا طریقہ بہت آسان ہے اور شہری تمام بینکوں کی ایپلی کیشنز‘ اے ٹی ایم مشینز‘ جیز کیش اور یوفون ایزی پیسہ وغیرہ کے ذریعے چند کلک پر ٹیکس ادا کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں ای پے پنجاب کے ذریعے مزید ٹیکس بھی ادا کئے جا سکیں گے۔ای پے پنجاب منصوبہ پنجاب آئی ٹی بورڈ ا ور محکمہ خزانہ پنجاب کے اشتراک سے اکتوبر دو ہزار انیس کو لانچ کیا گیا۔

ای پے پنجاب کی مدد سے اب گیارہ سرکاری محکموں کے چوبیس ٹیکس ادا کئے جا سکتے ہیں جبکہ ای پے پنجاب کے ذریعے حکومت پنجاب کو اب تک سو ارب روپے سے زائد ریکارڈ ٹیکس ریونیو وصول ہو چکا ہے ۔

اس سلسلے میں آن لائن ٹرانزیکشنز دو کروڑ سے تجاوز کر چکی ہیں۔ ای پے پنجاب ایپلی کیشن اینڈرائڈ اور آئی او ایس دونوں پلیٹ فارم کے صارفین کیلئے دستیاب ہے۔


متعلقہ خبریں