پاناما میں جس کا نام نہیں اُسی پر مقدمہ چلایا جا رہا ہے، مریم نواز


اٹک: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ پاناما میں جس کا نام نہیں اُسی پر مقدمہ چلایا جارہا ہے، جتنی مرضی دھاندلی کر لو، لوٹے بنا لو، ووٹ تو عوام نے ہی دینے ہیں۔

اٹک میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پاناما میں 409 لوگوں کا نام  ہے لیکن اُن میں سے کسی کی بھی پیشی نہیں ہوئی، نواز شریف پر جب کرپشن نہ نکلی تو اقامہ نکال کر لے آئے اور اسی اقامے پر نواز شریف کو پہلے وزیراعظم کے عہدے اور پھر پارٹی صدارت سے ہٹایا گیا لیکن  جب ثبوت آئے تو پتہ چلا کہ پاناما میں کچھ بھی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف عدالت میں 70 سے زائد پیشیاں بھگت چکے ہیں، احتساب عدالت میں تین دن سے روزے کی حالت میں نواز شریف چار چار گھٹنے تک اپنا بیان ریکارڈ کرا رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 120 میں سب سازشوں کے باوجود نواز شریف کو فتح ملی، ن لیگ کے ووٹرز کو پولنگ والے دن بہت تنگ کیا گیا، ضمنی انتخاب سے قبل ہمارے لوگوں کو اٹھایا گیا تھا، نااہلی کے بعد ن لیگ چکوال اور لودھراں سے انتخابات جیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف 18 سال پہلے بھی اٹک جیل میں عوام کی محبت کی سزا بھگت چکے ہیں، 1999 میں میاں صاحب کو کہا گیا استعفیٰ دیں تو انھوں نے انکار کیا اور کوئی سودے بازی نہیں کی۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے آج عوام کو بتا دیا ہے کہ اُنہیں کیوں اور کس نے نکالا، عوام ووٹ دیتے ہیں اور کچھ لوگ سازش کرکے نکال دیتے ہیں۔


متعلقہ خبریں