پاکستان نے اقوام متحدہ کے 46 امن مشنز میں حصہ لیا، آئی ایس پی آر


راولپنڈی: دنیا بھر میں اقوام متحدہ کا یوم امن منایا جا رہا ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کے 46 امن مشنوں میں حصہ لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان دنیا بھر میں عالمی امن کے لیے فوج بھیجنے والے بڑے ممالک میں سے ایک ہے اور پاکستان میں بھی اقوام متحدہ کا یوم امن بھرپور انداز میں منایا گیا۔ اقوام متحدہ کے امن مشن کے ساتھ پاکستان کا سفر 1960 میں شروع ہوا۔

پاکستان نے 1960 میں کانگو میں اقوام متحدہ کی کارروائیوں میں اپنا پہلا دستہ تعینات کیا اور پھر پاکستان قیام امن کے لیے سب سے نمایاں، مسلسل تعاون کرنے والا ملک رہا۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کے 46 امن مشنوں میں حصہ لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امن مشنز میں کچھ انتہائی چیلنجنگ مشن بھی شامل ہیں جبکہ پاکستان نے یو این مشنز میں 2 لاکھ سے زائد فوجیوں کا تعاون کیا۔ 169 پاکستانی امن دستے کے اہلکار فروغ امن کے لیے شہید ہوئے۔ پاکستان انسانیت کی مدد، فروغ امن اور استحکام کے لیے پیش پیش رہا۔

اقوام متحدہ کے موجودہ اور سابق جنرل سیکرٹری پاکستان کو سراہ چکے ہیں جبکہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے پاکستان کا دورہ کیا اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے پاکستان کی امن کی کوششوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی دستوں کی پیشہ ورانہ حیثیت کو ہر سطح پر تسلیم کیا گیا۔ خصوصی نمائندے، فورس کمانڈر نے پاکستانی اہلکاروں کی تعریف کی۔ پاک فوج، ایف سی، رینجرز اور پولیس اہلکاروں نے خدمات انجام دیں۔


متعلقہ خبریں