گوجرانوالہ: چیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی سازش کے تحت بڑے بڑے ڈاکوؤں کو اکھٹا کردیا گیا، یہ بڑے بڑے مافیاز لوگوں کا خون چوستے ہیں، ہم ایک قوم بن کر ان کا مقابلہ کریں گے اور انہیں شکست دیں گے، ہم نے نکل کر سازش کرنے والوں کو بتانا ہے کہ ہم زندہ اور آزاد قوم ہیں۔
مجرموں کے ٹولے نے میری ٹیم کے کام پر پانی پھیر دیا، عمران خان
ہم نیوز کے مطابق انہوں ںے یہ بات پی ٹی آئی کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ میرا گوجرانوالہ اسلام آباد مارچ کے لیے تیار ہے، پاکستان کے بڑے بڑے ڈاکو ایک طرف کھڑے ہو گئے ہیں، میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، اس کو انقلاب کہتے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ 21 سال کرکٹ کھیلی کبھی اسٹیڈیم میں اتنے لوگ نہیں دیکھے، مجھے اندازہ ہی نہیں تھا کہ گوجرانوالہ میں اتنی تعداد میں لوگ ہیں، گوجرانوالہ کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ سیاست نہیں ہورہی بلکہ انقلاب آرہا ہے، سارا بڑا مافیا، ڈاکو ایک طرف اور قوم دوسری طرف کھڑی ہوگئی ہے، بڑے ڈاکو، مافیاز کرپٹ سسٹم کے ذریعے لوگوں کا خون چوستے ہیں، ہم اس مافیا اور ڈاکوؤں کا مقابلہ کریں گے اور بری طرح شکست دیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ امریکی سازش کے ذریعے بڑے ڈاکوؤں کو اکٹھا کرکے منتخب حکومت کو گرایا گیا، پہلے سازش ہوتی ہے اس کے بعد مداخلت ہوتی ہے، یہ سمجھ رہے تھے جب بھی وزیراعظم کو ہٹایا جاتا ہے تو مٹھائیاں تقسیم ہوتی ہیں، وزیراعظم کو سازش کے ذریعے نکالا گیا تو قوم سڑکوں پر نکل آئی۔
عمران خان جمعہ کو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کریں گے
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہماری قوم زندہ قوم ہے، آزاد قوم ہے، اسی لیے آج سڑکوں پر ہے، امریکی سازش کو ناکام بنانے کے لیے اسلام آباد بلا رہا ہوں، ہماری حکومت اس وقت ہٹائی گئی جب تاریخ میں سب سے تیزی سے ملکی دولت میں اضافہ ہورہا تھا، پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ایکسپورٹ ہمارے دور میں ہوئی، ہمارے دور میں 26 فیصد ایکسپورٹ بڑھی۔
انہوں نے کہا کہ ایوب خان دور کے بعد ہمارے دور میں سب سے زیادہ ملکی صنعت میں اضافہ ہوا، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ملک میں 31 ارب ڈالر بھیجے، ہم نے سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا، ہم نے پیٹرول کم کیا اور فضل الرحمان کو بھی کم کیا، ہم نے اپنے لوگوں پر بوجھ کم کیا، جب دنیا میں ریکارڈ مہنگائی تھی تو ہم نے کوشش کی کہ عوام پر کم بوجھ ڈالیں، ہم نے عوام سے پیسہ اکٹھا کر کے عوام پر ہی خرچ کیا، ہم نے کسانوں کی مدد کی، شوگر مافیا سے پوری قیمت لی، ہمارے دور میں کسان سب سے زیادہ خوشحال تھا، فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کورونا کے باعث دنیا بھر میں غربت پھیل رہی تھی، بڑے بڑے ممالک کی معیشت تباہ ہو رہی تھی، ہم نے اپنے لوگوں کو کورونا سے بچایا اور روزگار دیا، پورے برصغیر میں سب سے زیادہ روزگار پاکستان میں فراہم کیا گیا، جب پاکستان اوپر جا رہا تھا اس وقت انہوں نے حکومت گرائی، شہباز شریف نے بڑی محنت کی، بڑے بڑے جوتے پالش کئے، واقعی! زرداری، تم ن لیگ پر بھاری ہو، ان سے اچھا بدلہ لے رہے ہو۔
عمران خان ہار تسلیم نہیں کر پا رہے ہیں، ان کا نفسیاتی مسئلہ ہے: جگنو محسن
عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف جب فوجی بوٹ دیکھتا ہے تو ایسی پالش کرتا ہے کہ شکل نظر آنا شروع ہو جاتی ہے، یہ لوگ 30 سال سے چوری کر رہے تھے، ان کے بچے، داماد، منشی اور داماد سب باہر ہیں، 30 سال سے ظلم کر رہے تھے، دونوں بھائی کان کھول کر سن لو! ہر ڈاکو کا وقت آ جاتا ہے، تم دونوں کا وقت آ گیا ہے، اپنی آنکھوں سے دیکھو گے، اسلام آباد میں عوام کا سمندر آئے گا اور تم سب کو بہا کر لے جائے گا۔