سبیکا شیخ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی


کراچی: امریکہ میں دہشت گردی کا شکار پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی نماز جنازہ کراچی کے حکیم سعید گراؤنڈ میں ادا کر دی گئی۔

روشن مستقبل کے سپنے آنکھوں میں سجائے کینیڈی لوگر یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی پروگرام کے تحت امریکہ جانے والی سبیکا شیخ کی تدفین عظیم پورہ قبرستان شاہ فیصل کالونی میں کی جائے گی۔

نماز جنازہ میں گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلی مراد علی شاہ، وزیرداخلہ سہیل انور سیال، سینیٹر سلیم ضیاء، ایم کیو ایم کے عامر خان، پی ایس پی کے مصطفی کمال، جماعت اسلامی کے یونس بارائی، پیپلزپارٹی کے سعید غنی، تحریک انصاف کے حلیم عادل سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔

سبیکا شیخ کی میت گزشتہ شب کراچی ایئرپورٹ کارگو کمپلیکس پہنچی تو ان کے والد شیخ عبدالعزیز اور والدہ سمیت دیگرلواحقین موجود تھے، اس موقع پر امریکی قونصل جنرل جون وارنر بھی موجود رہے۔

سبیکا عزیز شیخ ان 75  پاکستانی طالب علموں میں شامل تھی جنہیں اسکالرشپ پروگرام کے تحت امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کے لئے منتخب کیا گیا تھا۔

18 مئی کو امریکہ ریاست ٹیکساس کے سانتا فے ہائی اسکول کے ایک طالب علم کی  فائرنگ کے نتیجے میں نوطالب علموں اور ایک استاد سمیت دس افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جن میں سبیکا شیخ بھی شامل تھی۔

ترکش ایئر لائن کی پرواز ٹی کے 708 سبیکا کی میت کو لے کر کراچی ایئرپورٹ پہنچی۔ جہاں پر سبیکا شیخ کی میت کو اے ایس ایف کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔


متعلقہ خبریں