اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کے کردار کی تاریخ ہمیشہ مذمت کرتی رہے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آئین شکنی کے بعد آئین کے تقاضوں کی بات عمران خان کی سیاسی منافقت ہے، عمران خان کس کو دھوکہ دے رہے ہیں اور انہوں نے قومی اسمبلی میں جو تماشا کیا وہی پنجاب میں دہرایا۔ آپ اور آپ کی کٹھ پتلیوں کے اس رویے پر عدالتیں نصب شب کھولی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے چوروں کی طرح رات کی تاریکی میں آئین اور پارلیمنٹ پر شب خون مارا اور عمران خان تو دن کے اجالے میں آئین کو پامال کرتے ہیں اس لیے آئین شکن کے منہ سے آئین کی بات؟ کچھ شرم ؟ توہین عدالت کے مجرم عدالت سے نوٹس لینے کی اپیلیں کس منہ سے کر رہے ہیں؟
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب کا صوبے میں مہنگائی کم کرنے کیلئے اہم فیصلہ
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پہلے گھوسٹ انتخاب سے عمران خان پاکستان پر مسلط ہوئے اور پھر عمران خان نے آئین شکنی کر کے دوہرا جرم کیا۔ عمران خان نے پاکستان کے عوام کی دولت لوٹی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے باوقار آئینی عہدے کو فرح گوگی کے ذریعے مال بنانے کا ذریعہ بنایا وہ اپنے فسطائی سیاہ کردار کو دیکھیں۔ عمران خان کے کردار کی تاریخ ہمیشہ مذمت کرتی رہے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کے حکم پر آئینی مناصب کی توہین کی گئی، صدر، گورنر، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سب نے آئین پامال کیا۔