عمران خان ذہنی توازن کھو چکا ہے، آصف زرداری



پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وہ عمران خان کی جانب سے قومی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے کی مذمت کرتے ہیں، یہ ملکی سلامتی کے لیے خطرناک ہے۔ عمران خان کا یہ اقدام  احتساب سے بچنے کی بھونڈی کوشش ہے۔

اپنے ایک بیان میں آصف علی زرداری نے کہا کہ اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد عمران خان ذہنی توازن کھو چکا ہے اور وہ اب قومی اداروں پر حملہ آور ہو رہا ہے،اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کے پیچھے کرپشن اور فارن فنڈنگ کیس کا خوف ہے۔

عمران خان سزا سے بچنے کیلئے قومی اداروں کو متنازع بنانے کی کوشش اوراقتدار کے لالچ میں تمام حدیں پار کررہے ہیں،قومی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چلائے جارہے ہیں۔

عمران خان جھوٹ پر مبنی سازشی بیانیے کے ذریعے لوگوں کے جذبات بھڑکانے کی کوشش کررہے ہیں، وہ نفرت پھیلا کر نہ صرف پاکستان بلکہ قومی اداروں کا بھی نقصان کر رہے ہیں،ان کی انہی حرکتوں کی وجہ سے پچھلے پونے چار سال میں ملک پیچھے کی جانب گیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ عمران خان نے جو مہم چلائی ہے وہ پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرناک ہے اور اس مہم کا فائدہ ملک دشمن قوتوں کو پہنچے گا۔

صبر اور برداشت کمزوری نہیں، ہمارا اصول ہے، آصف علی زرداری

پاک فوج پاکستان کی سرحدوں کی محافظ ہے،آئین اور جمہوریت کا تحفظ بھی پاک فوج کی ذمہ داری ہے،ہاک فوج کو متنازع بنانے کی کوشش ملک سے کھلواڑ کے مترادف ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ عمران خان آئین کو پامال کرنے پر بھی تلا ہوا ہے،عمران نیازی خود میر جعفر اور میر صادق کا کردار ادا کررہے ہیں اور وہ پاکستان کی سلامتی کو داؤ پر لگانے کی ناکام کوشش میں لگا ہے۔


متعلقہ خبریں