عمران خان نے سپریم کورٹ سے اوپن کیمرہ سماعت کا مطالبہ کر دیا


اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے سپریم کورٹ سے اوپن کیمرہ سماعت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی نے تسلیم کیا مراسلہ حقیقت ہے۔

سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت بلآخر ایک دن سامنے آکر رہتی ہے اور واضح ہو گیا ہے کہ جو میں کہہ رہا تو وہ سچ ہے۔ کل نیشنل سیکیورٹی کونسل کے اجلاس میں واضح ہوگیا کہ ہمیں مراسلہ موصول ہوا میں نے کہا تھا کہ مراسلے میں پاکستان کو دھمکی دی گئی لیکن کہا گیا کہ یہ سب جھوٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سچ سب کے سامنے آ گیا کہ وزیر اعظم کو دھمکی دی گئی اور ملک کے وزیر اعظم کے خلاف سازش کی گئی۔ سازش کرنے والوں کو پتہ تھا عمران خان کے بعد کون آئے گا اور جیسے ہی ہمارے سفیر سے امریکی آفیشل کی میٹنگ ہوئی تو اگلے ہی دن عدم اعتماد آ گئی اور عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد ہمارے اتحادی اور پارٹی ارکان ہمارے خلاف ہو گئے۔

عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کو معلوم تھا کہ مراسلہ اصل ہے اور اتحادیوں کو بھی یاد آ گیا کہ حالات اچھے نہیں ہیں۔ لندن میں بیٹھ کر نواز شریف نے سازش کی اور چھوٹا بھائی اور زرداری پاکستان میں اس کا حصہ تھا۔ الیکشن کمشنر ایک جانبدار شخص ہے ہمیں اس پر اعتبار نہیں اس لیے چیف الیکشن کمشنر سے فی الفور استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سازش اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتی جب تک میر جعفر اور میر صادق ملوث نہ ہوں۔ سپریم کورٹ سے سارے معاملے پر کھلی سماعت کا مطالبہ کرتے ہیں اور اگر سپریم کورٹ نے معاملے پر کھلی سماعت نہیں کی تو کوئی بھی وزیر اعظم دھمکی کے سامنے کھڑا نہیں ہو گا۔ سپریم کورٹ سے اوپن کیمرہ سماعت کا مطالبہ کرتے ہیں جبکہ سپریم کورٹ کو یہ کام اسپیکر کے استعفے کے وقت کرنا چاہیے تھا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پرویز مشرف نے دھمکی پر ہاتھ کھڑے کر دیئے تھے اور این ار او دے دیا۔ سفارتخانوں نے ان لوگوں کو پہلے بلایا جو لوٹے تھے جبکہ ہمیں جنوری سے پتہ چلا کہ کیا سازش ہونے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں جو ہوا اس سے زیادہ شرمناک کیا ہو گا کہ پنجاب اسمبلی میں ہماری رکن اسمبلی پر تشدد کیا گیا اور آج وہ وینٹی لیٹر پر ہیں۔ وفاقی کابینہ کے 60 وزرا ضمانتوں پر ہیں اور وزیر اعظم کے خلاف بھی کیسز چل رہے ہیں اب یہ لوگ ایف آئی اے سمیت دیگر اداروں سے اپنا ریکارڈ ختم کرائیں گے۔ کابینہ کے 70 فیصد ارکان کے نام بھی ای سی ایل میں ہیں۔ میرا نام بھی ای سی ایل میں ڈال دیں میں باہر نہیں جانا چاہتا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کارکنوں کو اسلام آباد مارچ کی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مارچ کی تاریخ کا اعلان بعد میں کروں گا تاہم پارٹی کارکنان ہر سطح پر اسلام آباد مارچ کی تیاری شروع کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو باپ بیٹے کے علاوہ کوئی نہیں ملا یہ لوگ خاندانی سیاست کر رہے ہیں۔ ہمیں اپنی عدالتوں کو مضبوط کرنا چاہیے اور عدالتوں کو کہتا ہوں کہ جو لوگ بکے ہیں ان کا معاملہ دیکھیں۔ جو کہتے ہیں کہ اس طرح کے سائفر آتے رہتے ہیں اس سے زیادہ جھوٹا شخص کوئی نہیں۔ سفارتی سطح پر اس طرح کی دھمکیاں کسی بھی ملک کو نہیں دی جاتیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری حکومت میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ پاکستان کی 11 سالہ تاریخ میں سب سے کم تھا اور پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ایکسپورٹ ہوئی لیکن سازش کامیاب ہونے کے بعد پاکستان کی معیشت تباہ ہو رہی ہے۔ بیرون ملک پاکستانیوں نے سب سے زیادہ زرمبادلہ بھیجا۔

عمران خان نے 27 رمضان المبارک کو دعا شب منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے کہا تھا کہ مراسلہ سچ ثابت ہو گیا تو میرا ساتھ دے گا۔ اب شہباز شریف سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں