شہباز شریف کو چین کے ایک مضبوط، پرعزم دوست کے طور پر دیکھا جاتا، چینی ناظم الامور


چینی ناظم الامور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو چین کے ایک مضبوط اور پرعزم دوست کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے عوامی جمہوریہ چین کی ناظم الامور کی ملاقات ہوئی ہے جس میں انہوں نے وزیراعظم کوعہدہ سنبھالنے پرمبارکباد دی ہے۔

چینی ناظم الامور نے وزیراعظم کو چینی حکومت اور قیادت کی جانب سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی چین میں بہت عزت اور تعریف کی جاتی ہے۔

چینی ناظم الامور نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب سی پیک کو فروغ دینے میں شہبازشریف کے تعاون کی تعریف کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چینی قیادت کی جانب سے مبارکباد پر شکریہ ادا کیا اور ماضی میں اپنے دورہ چین کے دوران صدر شی جن پنگ سے ملاقات کو اعزاز قرار دیا۔

مبارکباد کا شکریہ، آئیں امن بڑھائیں،لوگوں کی ترقی پر توجہ دیں،شہباز شریف کی مودی کو پیشکش

انہوں نے کہا کہ چینی صدر نے پاک چین تعلقات کے فروغ میں ذاتی دلچسپی لی تھی۔

وزیراعظم نے صدر شی کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے اہم منصوبے کے طور پر سی پیک کی تعریف کی اور منصوبے کی پیشرفت اور پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے سی پیک کی اہمیت کو سراہا۔

شہباز شریف نے سی پیک کوچین پاکستان دوستی کی علامت بنانے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے صنعت کاری سمیت مختلف شعبوں میں چین کی سرمایہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے چین کے ساتھ اپنے قریبی تعاون کو یاد کیا۔

انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستانی عوام کے دلوں میں بستی ہے، چین پاکستان کا سب سے مضبوط دوست اور قریبی ساتھی ہے۔


متعلقہ خبریں