بھارت اپنے مذموم مقاصد کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے، وزیر خارجہ


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت اپنے مذموم مقاصد کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔ ملکی معاشی ترقی اور قیام امن ہماری ترجیح ہے جبکہ گلوبلائزیشن کے باعث سیکیورٹی اندرونی امن سے مشروط ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلوبلائزیشن نے دنیا کو متحد کر دیا ہے جبکہ پاکستان امن اور ترقی کا شراکت دار ہے اور دنیا جیو پالیٹکس سے جیو اکنامکس کی طرف منتقل ہو رہی ہے۔ ہم نئے دورمیں امن کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عثمان بزدار نے قیدیوں کی سزا میں کمی کا اعلان کر دیا

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم روایتی شراکت داری سے بھی تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں۔ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور ہم معاشی سکیورٹی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

بھارتی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت میں انتہا پسندی عروج پر ہے اور بھارت اپنے مذموم مقاصد کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔ پاکستان میں بھارتی میزائل کا گرنا گہری تشویش کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مسئلہ کشمیر حل ہونا چاہیے جبکہ سی پیک پاکستان کے لیے بڑا ٹرننگ پوائنٹ ہو گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ روس یوکرین تنازعہ کا باعث سفارتکاری کی ناکامی ہے جبکہ تجارت اور رابطوں کے ذریعے افغانستان میں امن و ترقی لانا چاہتے ہیں۔


متعلقہ خبریں