نواز شریف کا اگلا حملہ فوج، عدلیہ کو چلنے نہیں دے گا، الیکشن کمیشن پہلے ہی ملا ہوا، عمران خان


کمالیہ: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کا اگلا حملہ  فوج پر ہو گا، عدلیہ کو چلنے نہیں دے گا اور  الیکشن کمیشن پہلے ہی ملا ہوا ہے۔ پی ٹی آئی کے ناراض ارکان چوہوں کی شکلیں دیکھ کر واپس آ گئے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کمالیہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف کا شکریہ ادا کرتا ہوں جبکہ شہباز شریف کو جہاں جوتے نظر آتے ہیں وہ پالش کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ ان تین لوگوں کے چہرے دیکھ کر لوگ ڈر گئے اور دوبارہ میری طرف آ گئے۔ ان تینوں کی شکلیں دیکھ کر لوگوں کو خوف آیا کہ کہیں پھر واپس نہ آ جائیں۔ اللہ نے سب کے دل میری طرف موڑ دیئے اور سب میری طرف آ گئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ناراض ہونے والے بھی ان چوہوں کی شکلیں دیکھ کر واپس آ گئے ہیں۔ میں نے ساری دنیا دیکھی ہوئی ہے اور شاید ہی دنیا کا کوئی ایسا ملک ہو جو میں نے نہ دیکھا ہو۔ جو قوم اچھے اور برے کی تمیز نہیں کرتی وہ قوم مر جاتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ میں نے برطانیہ کا نظام بہت اندر سے دیکھا ہے۔ جب قوم میں اچھے اور برے کی تمیز ختم ہوجائے وہ قوم تباہ ہوجاتی ہے۔ انسان نیوٹرل نہیں ہو سکتا اور انسان اچھائی اور برائی کو دیکھ سکتا ہے۔ آصف زرداری اس ملک کی بڑی بیماری ہے اور آصف زرداری پر نیب میں اربوں روپے کے کیس ہیں۔ چیری بلاسم سے جوتا زیادہ چمکتا ہے اور شہباز شریف کے چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں 375 کروڑ روپے آگئے جبکہ نوکروں کے اکاؤنٹ میں 16 سو کروڑ روپے آ گئے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا کیس چل رہا ہے لیکن کبھی ان کا وکیل نہیں آتا تو کبھی ان کی کمر میں درد ہو جاتا ہے۔ ان کو پتہ ہے کہ عمران خان تھوڑی دیر اور چل گیا تو شہباز شریف نے جیل جانا ہے۔ چوتھا فنکار لندن میں بیٹھا ہوا ہے جسے عدالت مجرم قرار دے چکی ہے۔ چوتھے فنکار کی بیٹی کے نام پر اربوں روپے کے لندن میں محل نکل آئے۔ یہ سارے نیب زدہ میرے خلاف اکٹھے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: معیشت کے چلتے پہیے کے خلاف سازش ہو رہی ہے، فواد چودھری

وزیر اعظم نے کہا کہ پاناما پیپرز میں پتہ چلا لندن کے مہنگے ترین علاقے میں اس کی بیٹی کے نام 4 فلیٹ ہیں اور یہ ہم نے تو نہیں نکالے یہ تو پاناما پیپرز میں انکشاف ہوا۔ سب لندن میں رہتے ہیں لگتا ہے یہ گوالمنڈی میں نہیں ملکہ لندن کے گھر پیدا ہوئے۔ یہ میرے خلاف اکٹھے ہوئے کہ حکومت گراؤ، اقتدار میں آؤ اور نیب کو ختم کرو۔ انہوں نے پوری کوشش کی کہ عمران خان ان کو این آر او دے دے۔

انہوں نے کہا کہ میں بار بار ان 3 چوہوں کو پیغام دے رہا ہوں کہ حکومت جانا تو معمولی چیز ہے میری جان بھی چلی جائے تو تمہیں نہیں چھوڑوں گا۔ جیسے ہی ان پر کیسز ختم ہوں گے وہ لندن کا بھگوڑا پاکستان آجائے گا۔  مشرف نے انہیں این آر او دیا اور ساری کرپشن معاف ہو گئی۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے سب سے پہلے لفافہ صحافت شروع کی تھی اور الیکشن کمیشن بھی نواز شریف کے ساتھ ہے۔ کرپٹ آدمی کبھی آزاد عدلیہ کو چلنے نہیں دیتا۔ انہوں نے ڈنڈوں سے سپریم کورٹ پر حملہ کیا اور سجاد علی شاہ کو بھگایا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو تب سے جانتا ہوں جب یہ کرکٹ کھیلنے کی کوشش کر رہا تھا اور وہ اپنے ایمپائر کھڑے کر کے کرکٹ کھیلتا تھا۔ نواز شریف نے کبھی کوئی میچ اپنے ایمپائر کے بغیر نہیں کھیلا۔ نواز شریف جم خانہ میں کرکٹ کھیلتا تھا اور یہ آؤٹ بھی ہوتا تھا تو ایمپائر ناٹ آؤٹ کہہ دیتے تھے۔

نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کبھی آزاد عدلیہ کو چلنے نہیں دے گا اور نواز شریف کا اگلا حملہ پاکستان کی فوج پر ہو گا۔ نواز شریف خود ہی آرمی چیف لگاتا ہے پھر اس کے اختلاف شروع ہو جاتے تھے۔ اب تک جتنے بھی آرمی چیف آئے نوازشریف کا ان سے اختلاف س لیے ہوتا کیونکہ انہیں اس کی کرپشن کا پتہ چل جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 172 ممبران پارلیمنٹ لائیں آپ کو وزیر اعظم مان لیں گے، بلاول بھٹو

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے لاہور کے پلاٹ بیچ کر ججز کو خریدا۔ نواز شریف اپنی فوج کے ڈر کی وجہ سے چھپ کر مودی سے ملاقاتیں کر رہا تھا جبکہ حسین حقانی نے امریکہ میں کہا آصف زرداری کو پاکستانی فوج سے بچا لو۔ یہ لوگ کبھی بھی آزاد پالیسی نہیں بنا سکتے۔ شہباز شریف نے کہا یورپی یونین کو اس طرح جواب نہیں دینا چاہیے تھا لیکن امریکہ کی جنگ میں شرکت کر کے ہمیں اربوں روپے کا نقصان ہوا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کو ایبسلوٹلی ناٹ اس لیے کہا کیونکہ افغانستان میں شکست کے بعد امریکہ نے پاکستان کو ذمہ دار قرار دیا۔ ہمیں کسی سے اپنے تعلقات خراب نہیں کرنے چاہئیں لیکن تعلقات خراب کرنے اور جوتے پالش کرنے میں بہت فرق ہے۔ یہ دوسروں کی غلامی اس لیے کرتے ہیں کیونکہ ان کا پیسہ بیرون ملک پڑا ہے اور جن کا پیسہ اور جائیداد باہر ہوں وہ کبھی اس ملک کی خارجہ پالیسی کو آزاد نہیں ہونے دے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پورے برصغیر میں سب سے کم بے روزگاری پاکستان میں ہے اور ہماری مہنگائی ابھی بھی خطے میں سب سے کم ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ ملک سیدھے راستے پر چل پڑا ہے اور پورے پاکستان کو پیغام دیتا ہوں کہ کل آپ سب نے اسلام آباد پہنچنا ہے۔ میں 27 تاریخ کو پوری قوم کو اسلام آباد میں دیکھنا چاہتا ہوں کیونکہ کل کا دن فیصلہ کن ہے۔

انہوں نے کہا کہ چوروں کے ملک میں لوٹ مار کرنے کے دن ختم ہو گئے ہیں۔ کل اسلام آباد میں تاریخ بنے گی اور جب قوم چوروں کے خلاف اپنی آواز بلند کرتی ہے تو وہ قوم اوپر آتی ہے۔


متعلقہ خبریں