جے یو آئی ف کاآج اسلام آباد میں جلسہ، ن لیگ بھی مارچ کے لیے تیار


اپوزیشن نے حکومت کے خلاف مارچ اور جلسوں کی تیاری کر لی۔ جے یو آئی ف آج اسلام آباد میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔

مولانا فضل الرحمان ڈیرہ اسماعیل خان سے قافلے کی قیادت کرتے ہوئے شہراقتدار پہنچیں گے۔ کراچی سے روانہ ہونے والے مہنگائی مکاؤ مارچ بھی رواں دواں ہے۔

جے یو آئی ف نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو سیکیورٹی کیلئے دوسری درخواست دے دی۔ درخواست میں کہا گیا کہ ایچ نائن میں پرامن جلسہ ہوگا، سڑک بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

مسلم لیگ ن آج لاہور سے مہنگائی مکاو لانگ مارچ کا آغازکرے گی۔ حمزہ شہباز اور مریم نواز لانگ مارچ کی قیادت کریں گے۔ حمزہ شہباز اور مریم نواز کی قیادت میں مارچ ن لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون سے روانہ ہو گا۔

لاہور سے قافلے اور ریلیاں ماڈل ٹاؤن پہنچیں گی جہاں سے قافلہ فیروز پور روڈ سے ہوتا ہوا داتا دربار پہنچے گا۔ مسلم لیگ ن کے دو حلقوں کو داتا دربار پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان اور بلال یاسین کے حلقے کے کارکنان کو داتا دربار پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ غزالی سلیم بٹ اور سمیع اللہ خان کارکنان کے ہمراہ شاہدرہ میں موجود ہوں گے۔ مسلم لیگ ن لاہور کے کارکنان گوجرانوالا تک جائیں گے۔

ن لیگ نے پی ڈی ایم جلسے کیلئے اسلام آباد انتظامیہ کو درخواست بھی دے دی۔ رہنما ن لیگ طارق فضل چوہدری کی جانب سے ڈی سی اسلام آباد کو دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ن لیگ کا لانگ مارچ براستہ جی ٹی روڈ اور اسلام آباد ایکسپریس وے آئے گا۔

لانگ مارچ 28 کی شام پشاور موڑ جی نائن پہنچے گا۔ پی ڈی ایم کا مشترکہ جلسہ 28 مارچ کی شام سرینگر ہائی وے پشاور موڑ پر ہوگا۔


متعلقہ خبریں