حزب اختلاف کا شروع کردہ معاملہ ہم ختم کریں گے، فواد چودھری


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کا شروع کیا گیا معاملہ ہم ختم کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سپریم کورٹ میں ریفرنس پر جواب جمع کرا دیا ہے اور ہمیں سپریم کورٹ پر اعتماد ہے۔ ہمارے نزدیک سپریم کورٹ کے تمام ججز محترم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے بینچ کے خلاف مہم شروع کی ہے اور ہم ن لیگ کی جانب سے بینچ کے خلاف مہم کی مذمت کرتے ہیں۔ یہاں معاملات آئین اور قانون کے تحت آگے چل رہے ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ وکلا سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر فیصلہ کرتے ہیں اور وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری تمام توجہ 27 مارچ کے جلسے پر ہے جبکہ جو معاملہ اپوزیشن نے شروع کیا ہے اسے ختم ہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ابھی تک جلسے کی درخواست نہیں دی اور ابھی تک اتحادی حکومت کا حصہ ہیں اور اتحادی حکومت کے ساتھ ہی رہیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا جواب پڑھ کر لگتا ہے سپریم کورٹ بار باڈی مسلم ن لیگ کے ماتحت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وکلاء تنظیموں کا کام سیاسی جماعتوں کا آلہ کار بننا نہیں بلکہ اپنی آزادانہ حیثیت برقراررکھنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک عدم اعتمادپر بڑا سرپرائز ملے گا، کچھ لوگ ووٹ نہیں ڈالیں گے،شیخ رشید

فواد چودھری نے کہا کہ وکلاء تنظیموں کے اس کردار سے عام وکیل نالاں ہے اور لاہور بار کے انتخابات میں اس گروپ کو جو شکست ہوئی وہ وکلاء کاردعمل ہے۔


متعلقہ خبریں