لاہور: پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ کراچی ٹیسٹ کا جس طرح اختتام ہوا وہ تاریخی لمحہ تھا۔
پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ کا جس طرح اختتام ہوا، وہ تاریخی لمحہ تھا۔ لوگ ناممکن سمجھ رہے تھے لیکن پاکستانی کھلاڑیوں نے اسے ممکن کر دکھایا۔
انہوں نے کہا کہ ایشیئنز سیریز جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کے خلاف ایک ہزار گیندیں کھیلنا بڑی بات ہے، میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں۔ جس طرح لڑکوں نے آسٹریلیا کو جواب دیا بہترین تھا۔ رضوان کا یہ کہنا میرا ایک سو اور نعمان کا صفر برابر کہنے والی بات دل کو چھو گئی۔
یہ بھی پڑھیں: تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی راولپنڈی سے لاہور منتقل
ثقلین مشتاق نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ کی وکٹ ٹیسٹ کرکٹ کے معیار کے مطابق تھی اور دوسرے ٹیسٹ میں دونوں ٹیموں کا مکمل ٹیسٹ ہوا۔ یاسر شاہ فٹنس میں پیچھے تھے اور اس لیے منتخب نہیں ہوئے کیونکہ یاسر شاہ کی میچ پریکٹس بھی نہیں تھی لیکن اسے مس تو کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فواد عالم کا بیٹنگ اسٹانس رنز کی رکاوٹ میں نہیں ہے، فواد عالم کو پہلی اننگز میں بہت اچھی گیند گرائی گئی جس سے وہ آؤٹ ہوئے۔ تیسرے ٹیسٹ میں مشکل کرکٹ کھیلنا پڑے گی جس کے لیے تیار ہیں، شان مسعود سمیت جو لوگ اسکواڈ میں نہیں وہ بھی پلان کا حصہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم بھی قذافی اسٹیڈیم میں رزلٹ چاہتے ہیں کیونکہ خالی باتیں اچھی نہیں لگتیں۔